پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اشوک مزاج بدر کی غزلیں — Ashok Mizaj Badr Ghazals

اشوک مزاج بدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا خبر تھی رنجشیں ہی درمیاں رہ جائیں گی (غزل)

کیا خبر تھی رنجشیں ہی درمیاں رہ جائیں گی

ہم گلے ملتے رہیں گے دوریاں رہ جائیں گی

یہ نگر بھی کارخانوں کا نگر ہو جائے گا

ان درختوں کی جگہ کچھ چمنیاں رہ جائیں گی

دھیرے دھیرے شور سناٹوں میں گم ہو جائے گا

اور سڑکوں پر چمکتی بتیاں رہ جائیں گی

رات جس دم اپنے کمبل میں چھپا لے گی ہمیں

ہاتھ ملتی اور ٹھٹھرتی سردیاں رہ جائیں گی

ہم نے سوچا تھا کہ ان کا ہاتھ ہوگا ہاتھ میں

کیا خبر تھی ہاتھ میں بس چٹھیاں رہ جائیں گی

یہ تماشہ اور تھوڑی دیر تک ہوگا ابھی

پھر یہاں بس خالی خالی کرسیاں رہ جائیں گی

آگ تھوڑی دیر کو بجھ جائے گی لیکن مزاج

راکھ کے نیچے دبی چنگاریاں رہ جائیں گی

وصل کی تو کبھی فرقت کی غزل لکھتے ہیں (غزل)

وصل کی تو کبھی فرقت کی غزل لکھتے ہیں

ہم تو شاعر ہیں محبت کی غزل لکھتے ہیں

پڑھیے ان کو کسی کاغذ پہ نہیں سرحد پر

اپنے خوں سے جو شہادت کی غزل لکھتے ہیں

رہنما اپنے وطن کے بھی ہیں کتنے شاطر

وہ شہادت پہ سیاست کی غزل لکھتے ہیں

تم نے مزدور کے چھالے نہیں دیکھے شاید

اپنے ہاتھوں پہ وہ محنت کی غزل لکھتے ہیں

ملک ایسے بھی ہیں کچھ خاص پڑوسی اپنے

سرحدوں پہ جو عداوت کی غزل لکھتے ہیں

ہم سبھی چین سے سوتے ہیں مگر راتوں میں

فوج والے تو حفاظت کی غزل لکھتے ہیں

شوق لکھنے کا بہت ہم کو بھی ہے لیکن ہم

سونے کے پین سے غربت کی غزل لکھتے ہیں

مزید غزلیں از اشوک مزاج بدر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں