پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عاجز کمال رانا کی غزلیں — Ajiz Kamaal Rana Ghazals

عاجز کمال رانا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زمانے بھر کا جو سارا دکھ ہے ہمارا دکھ ہے (غزل)

زمانے بھر کا جو سارا دکھ ہے ہمارا دکھ ہے

یقیں کرو جو تمہارا دکھ ہے ہمارا دکھ ہے

یہ ساری دنیا ہمارے دکھ سے بھری پڑی ہے

یہ چاند سورج ستارہ دکھ ہے ہمارا دکھ ہے

تمہاری نسبت سے ہی جو مجھ کو ملا ہوا ہے

یہ ہجر بھی کتنا پیارا دکھ ہے ہمارا دکھ ہے

یہ دنیا گویا ہے ایک بلڈنگ پہ کام جاری

ہے اس میں شامل جو گارا دکھ ہے ہمارا دکھ ہے

دکھوں کا کوئی بھی استعارہ نہیں ہے ممکن

دکھوں کا ہر استعارہ دکھ ہے ہمارا دکھ ہے

ہماری دنیا ہے ایک دریا کے جیسی عاجزؔ

وہ جس کا ہر اک کنارا دکھ ہے ہمارا دکھ ہے

عشق میں نام کمائے گا تو چھا جائے گا (غزل)

عشق میں نام کمائے گا تو چھا جائے گا

تو کبھی دشت میں آئے گا تو چھا جائے گا

بات سے بات گھمانے پہ تجھے داد ملی

پھر تو تو شعر سنائے گا تو چھا جائے گا

رقص فرقت میں کروں گا تو کیے جاؤں گا

ابر وحشت کا جو چھائے گا تو چھا جائے گا

وصل میں جان سے جائے گا تو مر جائے گا

ہجر میں جان سے جائے گا تو چھا جائے گا

آنکھ میں خواب رچانے کی نہیں ہے قیمت

آنکھ میں خواب رچائے گا تو چھا جائے گا

مزید غزلیں از عاجز کمال رانا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں