اشوک گویل اشوک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عشق ہے تو یوں نبھانا چاہیے (غزل)
عشق ہے تو یوں نبھانا چاہیے
جان پر اب جان جانا چاہیے
بات کچھ ایسی بنانا چاہیے
بوند میں ساگر سمانا چاہیے
موت بھی گر دیکھ لے تو جل مرے
زندگی یوں مسکرانا چاہیے
مدتوں کوئی سفر ممکن نہیں
زندگی کو بھی ٹھکانہ چاہیے
زندگی کیا ہے تجربے کے سوا
مشکلوں کو آزمانا چاہیے
گھر بنا بنیاد کے ممکن نہیں
گھر میں کوئی تو سیانا چاہیے
کیسی یہ افسردگی ہے آج کل (غزل)
کیسی یہ افسردگی ہے آج کل
زندگی میں کچھ کمی ہے آج کل
چاند کی آوارگی سے چاندنی
سوگ میں ڈوبی ہوئی ہے آج کل
چل بنائیں آشیاں اس پار ہم
رات مجھ سے کہہ رہی ہے آج کل
کیا سبب ہے دھوپ ہے سہمی ہوئی
پتھروں پر بھی نمی ہے آج کل
تڑپنوں میں ہیں غضب بے چینیاں
دیتا اس حد تشنگی ہے آج کل
جی رہا ہوں موت کی خواہش لئے
زیست میری دیدنی ہے آج کل
وہ شرافت جو کبھی انمول تھی
کوڑیوں میں بک رہی ہے آج کل
ظلمتوں کا دور بھی یہ کب تلک
روشنی بھی مر رہی ہے آج کل
زیست کی مجبوریاں مت پوچھئے
ساتھ میرے چل رہی ہے آج کل
آ رہی ہے پھر چناؤ کی خبر
شہر بھر میں خامشی ہے آج کل
کون اب واقف ہے اپنے آپ سے
آدمی کب آدمی ہے آج کل