اشک سنبھلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ملال ہوتے ہوئے دل پہ کچھ ملال نہیں (غزل)
ملال ہوتے ہوئے دل پہ کچھ ملال نہیں
خیال دوست سے اچھا کوئی خیال نہیں
جسے زوال نہ ہو وہ کوئی کمال نہیں
کمال غم کو ہمارے مگر زوال نہیں
جفائیں کر کے جو وہ سست سست بیٹھے ہیں
انہیں ملال یہ ہے مجھ کو کچھ ملال نہیں
یہ کیا نہیں نگۂ فتنہ ساز تیری کمی
ہمارے جذبۂ غم میں اب اشتعال نہیں
کہو غموں سے کہ بے فکر اب دلوں میں رہیں
خوشی کا آج کی دنیا میں احتمال نہیں
یہ اور بات ترس ہی نہ ہو کسی دل میں
چھپا ہوا تو زمانہ سے میرا حال نہیں
گری جو برق تو اپنا بنا رہا ہے مجھے
یہ کیا ہے اشکؔ اگر باغباں کی چال نہیں
چین کب آتا ہے گھر میں ترے دیوانے کو (غزل)
چین کب آتا ہے گھر میں ترے دیوانے کو
پھر لئے جاتی ہے وحشت مجھے ویرانے کو
تم مٹاتے ہو جو مجھ کو تو سمجھ لو یہ بھی
شمع روتی ہے بہت مار کے پروانے کو
ہے اگر عیش کسی کو تو بلا سے اپنی
ہم تو پیدا ہوئے ہیں رنج و الم کھانے کو
خود بھی سولی پہ چڑھا یار کو رسوا بھی کیا
کیا کہے اب کوئی منصور سے دیوانے کو
بو حقیقت کی نہ ہو تو گل مضموں کیا ہے
پھول کاغذ کا ہے اک دیکھنے دکھلانے کو
نام کو بھی نہ کسی آنکھ سے آنسو نکلا
شمع محفل میں جلاتی رہی پروانے کو
کوئی ہمدرد نہیں اپنا زمانے میں ظفرؔ
آزما دیکھا ہے ہر اپنے کو بیگانے کو