اصغر شمیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کہاں کھو گئے میرے غم خوار اب (غزل)
کہاں کھو گئے میرے غم خوار اب
کہ تنہا ہوں چلنے کو تیار اب
کہاں سر چھپائیں پتا ہی نہیں
کہ گرنے لگی گھر کی دیوار اب
تو منصف ہے اپنا قلم روک لے
بچا لے گا میرا ہی کردار اب
کہ آٹھوں پہر مجھ کو فرصت نہیں
کہیں کھو گیا میرا اتوار اب
مرے خوں میں رنگ وفا دیکھ لے
مجھے لے کے چل تو سر دار اب
میں اصغرؔ مسافر کڑے کوس کا
کہ اپنے ہوئے میرے اغیار اب
خشک پتا ہے تو ہوا سے ڈر (غزل)
خشک پتا ہے تو ہوا سے ڈر
زرد موسم کی بد دعا سے ڈر
ہر عمل کا محاسبہ کر لے
پاس آتی ہوئی قضا سے ڈر
نیک کاروں میں نام ہو تیرا
اپنے ہر کاج میں ریا سے ڈر
سر پہ دستار جب سلامت ہے
دل میں آتی ہوئی انا سے ڈر
شہر ویران ہو گیا اصغرؔ
سنسناتی ہوئی ہوا سے ڈر
مزید غزلیں از اصغر شمیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں