احترام الحق صدیقی شرر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وعدہ کر کے ہر وعدے کو وعدوں پر مت ٹالا کر (غزل)
وعدہ کر کے ہر وعدے کو وعدوں پر مت ٹالا کر
مانا کم فرصت ہے تجھ کو پھر بھی وقت نکالا کر
یہ پتھر وہ بھی اک پتھر یہاں وہاں پتھر ہی پتھر
تو شیشہ ہے سوچ سمجھ کر گھر سے پاؤں نکالا کر
پیاس بہت ہے پی لینے دے مدرا نین کٹوروں سے
کھول دریچے ان پلکوں کے روشن یہ مدھو شالا کر
خواب ہے تو بھی زخم ہی دے گا کیا تجھ سے امید کروں
چھوڑ مجھے اے پاپی سپنے جا اپنا منہ کالا کر
پیار محبت قسمیں وعدے سب زہریلے بندھن ہیں
یہ ڈس لیں گے تن من پگلی ایسے ناگ نہ پالا کر
اپنا دل اک پاگل پنچھی اس کا ٹھور ٹھکانہ کیا
اس کے پیروں میں رشتوں کی زنجیریں مت ڈالا کر
لفاظی اک گورکھ دھندا پل دو پل کا کھیل شررؔ
انمٹ نقش بنا جذبوں کو تحریروں میں ڈھالا کر
نہ اختر ہوں نہ میں شمس و قمر ہوں (غزل)
نہ اختر ہوں نہ میں شمس و قمر ہوں
نہ میں لعل و جواہر ہوں نہ زر ہوں
مری قیمت جہاں میں کون دیتا
میں مشت خاک گرد رہگزر ہوں
مری آنکھوں سے پڑھ روداد میری
خبر ہوں میں خبر بھی معتبر ہوں
جسے دیکھوں اسے سرخاب کر دوں
محبت سے بھری پہلی نظر ہوں
مری پرواز ہے عرش بریں تک
یہ کس نے کہہ دیا بے بال و پر ہوں
مرے اندر شرارے اور شعلے
مری کیا حیثیت میں تو شررؔ ہوں