پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اصغر راہی کی غزلیں — Asghar Rahi Ghazals

اصغر راہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رونق ترے کوچے کی بڑھانے چلے آئے (غزل)

رونق ترے کوچے کی بڑھانے چلے آئے

ارباب جنوں حشر اٹھانے چلے آئے

اب اور نمائندگیٔ شب نہ کرو تم

ہم پرچم خورشید اڑانے چلے آئے

جب گرمیٔ شبنم سے بدن جلنے لگا ہے

ہم آگ کے دریا میں نہانے چلے آئے

جو لوگ مرا نقش قدم چوم رہے تھے

اب وہ بھی مجھے راہ دکھانے چلے آئے

جن سے مجھے پھولوں کی تھی امید وہی لوگ

کانٹے مری راہوں میں بچھانے چلے آئے

یہ گردش حالات کی ہے ذرہ نوازی

وہ خود ہی مجھے آج منانے چلے آئے

کیا یہ بھی کوئی انجمن ماہ وشاں ہے

راہیؔ بھی غزل اپنی سنانے چلے آئے

اپنے گھر میں مری تصویر سجانے والے (غزل)

اپنے گھر میں مری تصویر سجانے والے

انگلیاں تجھ پہ اٹھائیں گے زمانے والے

جا تجھے بھی کہیں دیوار کا سایہ نہ ملے

غم کے صحرا میں مجھے چھوڑ کے جانے والے

ہم فقیروں کی بھی تھوڑی سی دعائیں لے جا

کام آئیں گی نظر پھیر کے جانے والے

شعلہ رو شعلہ بدن شعلہ سخن شعلہ مزاج

آ گئے گھر میں مرے آگ لگانے والے

وہ ہمارے ہی کسی دوست کا گھر تھا شاید

چھپ کے بیٹھے تھے جہاں تیر چلانے والے

اپنے اندر بھی کبھی جھانک کے دیکھا ہوتا

آئنہ سارے زمانے کو دکھانے والے

آتش رشک سے جلتے ہیں عدو جل جائیں

پھول راہیؔ پہ لٹائیں گے لٹانے والے

مزید غزلیں از اصغر راہی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں