اثر بہرائچی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جن پر تری نگاہ پڑی وہ سنور گئے (غزل)
جن پر تری نگاہ پڑی وہ سنور گئے
جن سے تری نگاہ پھری وہ بکھر گئے
اس دور پر ملال میں آئے گی کیا ہنسی
خنداں لبی کے یار زمانے گزر گئے
منزل تمام عمر نہیں مل سکی انہیں
رستے میں پا کے چھاؤں کہیں جو ٹھہر گئے
آلام زندگی میں مزہ زندگی کا ہے
وہ کیا جئیں گے جو غم دوراں سے ڈر گئے
خودداری و ضمیر و وفا جن کی مر گئی
وہ لوگ اپنی موت سے پہلے ہی مر گئے
آشفتگان عشق کا عالم نہ پوچھیے
نکلے تری طلب میں تو واپس نہ گھر گئے
دونوں جہان میں ہیں وہی سرخ رو اثرؔ
دار و رسن سے ہنستے ہوئے جو گزر گئے
راہوں سے بھی ناواقف منزل سے بھی بیگانہ (غزل)
راہوں سے بھی ناواقف منزل سے بھی بیگانہ
لے جائے کہاں دیکھیں ہم کو دل دیوانہ
وہ دیر و کلیسا ہو یا کعبہ و بت خانہ
ہیں ایک فسانے کے عنوان جدا گانہ
دیوانے کو دیوانہ جانا تو زمانے نے
لیکن نہ کوئی سمجھا کیوں ہو گیا دیوانہ
ہو شکوۂ بیش و کم ساقی سے تو بے جا ہے
ہر رند کو ملتی ہے پیمانہ بہ پیمانہ
مست مئے الفت کی اللہ رے مدہوشی
جب ہوش کبھی آیا خود کو بھی نہ پہچانا
سجدوں میں مرے یارب اتنا تو اثرؔ دے دے
کھینچ آئے جبیں تک خود سنگ در جانانہ