احمد فاخر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
موسم تو بدلتا ہے بدل جائے تو کیا ہو (غزل)
موسم تو بدلتا ہے بدل جائے تو کیا ہو
پھولوں سے جو خوشبو بھی نکل جائے تو کیا ہو
جاتا ہوں کڑی دھوپ میں پرچھائیں کے ہم راہ
صحرا میں یہ پرچھائیں بھی جل جائے تو کیا ہو
یہ مشورۂ ضبط بھی تسلیم ہے لیکن
آنسو مری آنکھوں سے نکل جائے تو کیا ہو
مہتاب سہارا ہے شب زیست کا فاخرؔ
یہ زرد سا مہتاب بھی ڈھل جائے تو کیا ہو
جلتا رہا چراغ یقین و گمان کا (غزل)
جلتا رہا چراغ یقین و گمان کا
لیکن ہوا نہ دور اندھیرا مکان کا
گندم کی بالیوں سے بہت روشنی ہوئی
اس روشنی سے قرض نہ اترا کسان کا
آنچل کسی کا تیز ہوا نے اڑا دیا
کشتی سے رابطہ نہ رہا بادبان کا
زخم نوازشات مہکتا رہا سدا
دیکھا کوئی گلاب نہ اس آن بان کا
فاخرؔ جمی ہوئی ہے ابھی تک وہیں نگاہ
ملبہ پڑا ہوا ہے جہاں اس مکان کا
مزید غزلیں از احمد فاخر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں