پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اسد رضا کی غزلیں — Asad Raza Ghazals

اسد رضا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بستر مرگ پر زندگی کی طلب (غزل)

بستر مرگ پر زندگی کی طلب

جیسے ظلمت میں ہو روشنی کی طلب

کل تلک کمتری جن کی تقدیر تھی

آج ان کو ہوئی برتری کی طلب

عمر بھر اپنی پوجا کراتا رہا

اب ہوئی اس کو بھی بندگی کی طلب

چیختے تھے بہت ہم ہر اک بات پر

ہو گئی اب مگر خامشی کی طلب

پیاس دنیا کی جس نے بجھائی سدا

اس سمندر کو ہے تشنگی کی طلب

چار پیسے جو آئے ذرا ہاتھ میں

ان کو بھی ہو گئی رہبری کی طلب

دیکھ کر یہ نمائش کی دنیا اسدؔ

ہم نے محسوس کی سادگی کی طلب

ہر آہ غم دل کی غماز نہیں ہوتی (غزل)

ہر آہ غم دل کی غماز نہیں ہوتی

اور واہ مسرت کا آغاز نہیں ہوتی

جو روک نہیں پاتی اشکوں کی روانی کو

وہ آنکھ غم دل کی ہم راز نہیں ہوتی

ہر اشک شہنشاہی اک تاج نہیں بنتا

ہر ملکہ زمانے میں ممتازؔ نہیں ہوتی

ملتی ہے خموشی سے ظالم کو سزا یارو

اللہ کی لاٹھی میں آواز نہیں ہوتی

اک ٹھوس حقیقت ہے الفاظ کے پیکر میں

یہ شاعری شاعر کا اعجاز نہیں ہوتی

یوں عمر کی قینچی نے پر میرے کتر ڈالے

اب لاکھ کروں کوشش پرواز نہیں ہوتی

دولت کی بدولت جو بندھتی ہے اسدؔ سر پر

دستار فضیلت وہ اعزاز نہیں ہوتی

مزید غزلیں از اسد رضا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں