پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اسعد بدایونی کی غزلیں — Asad Badayuni Ghazals

اسعد بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بچھڑ کے تجھ سے کسی دوسرے پہ مرنا ہے (غزل)

بچھڑ کے تجھ سے کسی دوسرے پہ مرنا ہے

یہ تجربہ بھی اسی زندگی میں کرنا ہے

ہوا درختوں سے کہتی ہے دکھ کے لہجے میں

ابھی مجھے کئی صحراؤں سے گزرنا ہے

میں منظروں کے گھنے پن سے خوف کھاتا ہوں

فنا کو دست محبت یہاں بھی دھرنا ہے

تلاش رزق میں دریا کے پنچھیوں کی طرح

تمام عمر مجھے ڈوبنا ابھرنا ہے

اداسیوں کے خد و خال سے جو واقف ہو

اک ایسے شخص کو اکثر تلاش کرنا ہے

سب اک چراغ کے پروانے ہونا چاہتے ہیں (غزل)

سب اک چراغ کے پروانے ہونا چاہتے ہیں

عجیب لوگ ہیں دیوانے ہونا چاہتے ہیں

نہ جانے کس لیے خوشیوں سے بھر چکے ہیں دل

مکان اب یہ عزا خانے ہونا چاہتے ہیں

وہ بستیاں کہ جہاں پھول ہیں دریچوں میں

اسی نواح میں ویرانے ہونا چاہتے ہیں

تکلفات کی نظموں کا سلسلہ ہے سوا

تعلقات اب افسانے ہونا چاہتے ہیں

جنوں کا زعم بھی رکھتے ہیں اپنے ذہن میں ہم

پڑے جو وقت تو فرزانے ہونا چاہتے ہیں

یہ منحوس بارش (نظم)

یہ منحوس بارش

جواں سال گیہوں کے دانوں کو

کیچڑ کا حصہ بنانے

مرے گاؤں میں ہر برس کی طرح

آج پھر آ گئی ہے

وہ گیہوں کے خوشے جو کھلیان میں

دھوپ کے دیوتا کی عبادت میں

مصروف تھے

ان کو بارش نے آغوش میں لے لیا ہے

ہر اک کھیت میں کتنا پانی بھرا ہے

بھوک اپنی مٹا کر

یہ بارش چلی جائے گی

اور سب کھیت خالی کے خالی رہیں گے

میں نے بارش کے چہرے پہ لکھا ہر اک واقعہ

پڑھ لیا ہے