آرزو اشرف سلطان پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تری چاہت مرے پیروں کی جو زنجیر بن جائے (غزل)
تری چاہت مرے پیروں کی جو زنجیر بن جائے
تو پھر ایسے میں جانے جاں مری تقدیر بن جائے
خدا نے اس قدر بخشی ہے تجھ کو حسن کی دولت
تری تصویر جو دیکھے وہ خود تصویر بن جائے
تمہارے پاؤں اف یہ پاؤں کتنے خوب صورت ہیں
انہیں تم جس جگہ رکھ دو وہیں کشمیر بن جائے
جو نغمہ لکھا جائے تیری زلفوں کی سیاہی سے
کتاب عشق کی سب سے حسیں تحریر بن جائے
اسی امید پر بس کٹ رہی ہے زندگی اپنی
کہ اب تو وصل کی شاید کوئی تدبیر بن جائے
فقط کانٹوں سے پھولوں کی حفاظت اب نہیں ممکن
تقاضا وقت کا ہے شاخ گل شمشیر بن جائے
مرے ہر خواب کو اے آرزوؔ تکمیل حاصل ہو
مقدر سے جو تو ان کی اگر تعبیر بن جائے
اک نہ اک دن جو کبھی مجھ سے محبت ہوگی (غزل)
اک نہ اک دن جو کبھی مجھ سے محبت ہوگی
دیکھ لینا تمہیں خود اپنے پہ حیرت ہوگی
جانے کب آئیں گے وہ زخم جگر پر ہنسنے
جانے کس روز مرے درد میں برکت ہوگی
رشک انگیز ہے فردوس تری آنکھوں پر
اس سے بہتر بھی بھلا کیا کوئی جنت ہوگی
ایک بس تیری طلب ہے تجھے پا لوں جاناں
پھر کسی شے کی کہاں مجھ کو ضرورت ہوگی
شکوۂ عشق پہ اتنے بھی پریشان ہیں کیوں
آپ اپنے ہیں تو لازم ہے شکایت ہوگی