پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارشد نظر کی غزلیں — Arshad Nazar Ghazals

ارشد نظر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب یہاں کوئی نہیں ساتھ نبھانے والا (غزل)

اب یہاں کوئی نہیں ساتھ نبھانے والا

تیری یادوں کے سوا کون ہے آنے والا

آدمی جاگ ہی جاتا ہے سحر ہونے پر

اس کے اندر ہی کوئی ہوگا جگانے والا

دن میں کتنی ہی تمازت کو لٹائے سورج

ہم نے پایا ہے اسے ڈوب ہی جانے والا

کس کے آنسو ہیں جو پتوں پہ چھلک آئے ہیں

کون سا زخم ہے شاخوں کو رلانے والا

پاؤں سے لپٹی ہوئی ملتی ہیں راہیں کتنی

ہائے کس سوچ میں نکلا ہے یہ جانے والا

ضبط ٹوٹے گا تو یہ زخم دہن کھولیں گے

آنسو پی لے گا سبھی آنسو بہانے والا

شاعری اپنی نظرؔ سادہ و پرکار نہیں

اب کہاں کوئی رہا شعر سنانے والا

کتنا بے رنگ ہوا شہر ہنر تیرے بعد (غزل)

کتنا بے رنگ ہوا شہر ہنر تیرے بعد

جانے کس رخ پہ ہو لفظوں کا سفر تیرے بعد

کون اب لب کے تبسم کو کہے گا ہیرا

کون برسائے گا لفظوں کے گہر تیرے بعد

جب بھی گرتا ہے بڑا پیڑ دہلتی ہے زمیں

زندگی دھوپ میں گزرے گی شجر تیرے بعد

کہکشاں لفظوں کی شعروں میں ملے گی کس کے

کون بانٹے گا خیالوں کے گہر تیرے بعد

صدیوں رکھے گی تجھے زندہ سخن کی خوشبو

تذکرے ہوں گے ترے شام و سحر تیرے بعد

سلسلہ کون سنبھالے گا نقوش پا کا

منتظر کس کی ہے اب راہ گزر تیرے بعد

اب کہاں ہوتے ہیں وہ شعر و سخن کے چرچے

بے زباں ہو گیا تہذیب کا گھر تیرے بعد

منفرد جرأت اظہار رہے گی زندہ

اب کہاں ہوگا یہ اسلوب و ہنر تیرے بعد

تیرے اشعار پہ سر دھنتی رہے گی دنیا

رنگ لایا ہے ترا خون جگر تیرے بعد

گرمیٔ فکر سخن سے نہیں انکار نظرؔ

اتنی آساں بھی نہیں راہگزر تیرے بعد

مزید غزلیں از ارشد نظر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں