ارشد کاکوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جینا ہے ایک شغل سو کرتے رہے ہیں ہم (غزل)
جینا ہے ایک شغل سو کرتے رہے ہیں ہم
ہے زندگی گواہ کہ مرتے رہے ہیں ہم
سہتے رہے ہیں ظلم ہم اہل زمین کے
الزام آسمان پہ دھرتے رہے ہیں ہم
ملتے رہے ہیں راز ہمیں اہل زہد کے
ناز اپنے شغل جام پہ کرتے رہے ہیں ہم
احباب کی نگاہ پہ چڑھتے رہے مگر
اغیار کے دلوں میں اترتے رہے ہیں ہم
جیسے کہ ان کے گھر کا پتہ جانتے نہیں
یوں ان کی رہ گزر سے گزرتے رہے ہیں ہم
کرتے رہے ہیں قوم سے ہم عشق بے پناہ
ہاں ناصحان قوم سے ڈرتے رہے ہیں ہم
شرمائیں کیوں نہ ہم سے افق کی بلندیاں
خود اپنے بال و پر کو کترتے رہے ہیں ہم
ان کی فطرت اس کو کہئے یا کہ فطرت کا اصول (غزل)
ان کی فطرت اس کو کہئے یا کہ فطرت کا اصول
ڈوب جاتے ہیں ستارے اور بکھر جاتے ہیں پھول
اک نظر کی کیا حقیقت ہے مگر اے دوستو
عمر بھر کی موت بن جاتی ہے اک لمحے کی بھول
ہم تو ہیں ان محفلوں کے آج تک مارے ہوئے
جن میں نغموں کی ہے شورش جن میں زلفوں کی ہے دھول
اور جو کچھ بھی ہے ان کے درمیاں وہ ہے گراں
زندگی ارزاں ہے اور ہے موت بھی سہل الحصول
آج تک دہکی ہوئی سینے میں ہے عارض کی آگ
دل میں اب تک چبھ رہے ہیں ان کی پلکوں کے ببول
دے رہے ہیں اس طرح وہ کاکویؔ صاحب کی داد
پوچھتے ہیں آپ کے اشعار کی شان نزول