پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد مشرف خاور کی غزلیں — Ahmad Musharraf Khawar Ghazals

احمد مشرف خاور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نظر کے پاس رہ کر بھی پہنچ سے دور ہو جانا (غزل)

نظر کے پاس رہ کر بھی پہنچ سے دور ہو جانا

محبت میں اسے کہتے ہیں ہم مجبور ہو جانا

خوشا اے دل مداوا ان کے زخموں کا نہیں ورنہ

کہاں ہر زخم کی قسمت میں ہے ناسور ہو جانا

بڑھانا اس طرح سے بے قراری اور بھی دل کی

جھلک عشاق کو دکھلا کے پھر مستور ہو جانا

محبت کا ہمارا دائرہ بس اتباع تک ہے

ہمیں زیبا نہیں ہے سرمد و منصور ہو جانا

نظر چھلکے نہ چھلکے منحصر ہے ظرف پر لیکن

ہے پہلی شرط دل کا درد سے معمور ہو جانا

نظر کو تاب نظارہ رہی ہے تیرے جلووں کی

کہ لازم تو نہیں ہر جلوہ گہ کا طور ہو جانا

تجھے پا لینے کا احساس اس کو کہتے ہیں شاید

ترے عارض کو چھو کر زلف کا مغرور ہو جانا

ہمیں کیا راس آئے بادہ و ساغر کہ اپنا تو

نگاہوں پہ ہے ان کی منحصر مخمور ہو جانا

لباس خاک ہی سے جب مری ساری فضیلت ہے

تو کیوں کر زیب ہے مجھ کو بھلا پھر نور ہو جانا

یوں تو ان آنکھوں میں آتا ہے نظر دریا مجھے (غزل)

یوں تو ان آنکھوں میں آتا ہے نظر دریا مجھے

پھر بھی اس کا قرب رکھتا ہے بہت پیاسا مجھے

زندگی بس یار کے غم پر نہیں ہے منحصر

رات دن بے چین رکھتا ہے غم دنیا مجھے

اب تو ان زخموں سے میری آشنائی ہو گئی

چارہ گر بہتر یہی ہے اب نہ کر اچھا مجھے

میں کہ جس کے واسطے برسوں رہا اک آب جو

جاتے جاتے کر گیا وہ ریت کا صحرا مجھے

وضع کیسی کیسی بدلوں تیری خاطر زندگی

چھوڑ رہنے دے ذرا جیسا بھی ہوں ویسا مجھے

جب سے وہ دل میں بسا ہے ذات میری انجمن

کیسے یہ کہہ دوں کیا ہے عشق نے رسوا مجھے

اس لئے مجھ سے گریزاں ہیں سہارے آج بھی

زندگی ہر موڑ تک لے کر گئی تنہا مجھے

نرم ہو مٹی تو شاید کھل اٹھیں چاہت کے پھول

میں کہ اک بادل ہوں اپنی ذات پر برسا مجھے

ہو کے خاورؔ بھی اسی کے لطف سے روشن ہوں میں

بے رخی اس کی بنا دے گی شب یلدا مجھے

مزید غزلیں از احمد مشرف خاور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں