پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارشد جمال صارم کی غزلیں — Arshad Jamal Sarim Ghazals

ارشد جمال صارم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے اماں ہوں ان دنوں میں در بدر پھرتا ہوں میں (غزل)

بے اماں ہوں ان دنوں میں در بدر پھرتا ہوں میں

میں مودت ہوں وفا ہوں خیر کا جذبہ ہوں میں

دل کی موجوں میں بپا کر کے تلاطم خیزیاں

اپنے اندر کی زمینیں کاٹتا رہتا ہوں میں

کھیل ہے سرکش ہواؤں کے لئے میرا وجود

کم طنابی جس کی قسمت ہے وہ اک خیمہ ہوں میں

ہے مکمل وقت کے سورج پہ میرا انحصار

زندگی کے پاؤں سے لپٹا ہوا سایہ ہوں میں

ایسی ہی بے چہرگی چھائی ہوئی ہے شہر میں

آپ اپنا عکس ہوں میں آپ آئینہ ہوں میں

کب ملے گی مجھ کو صارمؔ اس اذیت سے نجات

ذہن و دل کی کشمکش میں رات دن الجھا ہوں میں

پلٹ کر دیکھنے کا مجھ میں یارا ہی نہیں تھا (غزل)

پلٹ کر دیکھنے کا مجھ میں یارا ہی نہیں تھا

نہیں ایسا کہ پھر اس نے پکارا ہی نہیں تھا

سمندر کی ہر اک شے پر ہماری دسترس تھی

کہ طغیانی بھی اپنی تھی کنارہ ہی نہیں تھا

وہ اک لمحہ سزا کاٹی گئی تھی جس کی خاطر

وہ لمحہ تو ابھی ہم نے گزارہ ہی نہیں تھا

وہ بن کر چاند تب اترا تھا اس دل کی زمیں پر

محبت کا جب آنکھوں میں ستارہ ہی نہیں تھا

ورائے جسم تھا کچھ اور بھی اس کے جلو میں

فقط وہ روشنی کا استعارہ ہی نہیں تھا

جنوں کے پاؤں میں چھن کیسی در آئی کہ میں نے

ابھی وحشت کو صحرا میں اتارا ہی نہیں تھا

مزید غزلیں از ارشد جمال صارم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں