پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عرش صدیقی کی غزلیں — Arsh Siddiqui Ghazals

عرش صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بند آنکھوں سے نہ حسن شب کا اندازہ لگا (غزل)

بند آنکھوں سے نہ حسن شب کا اندازہ لگا

محمل دل سے نکل سر کو ہوا تازہ لگا

دیکھ رہ جائے نہ تو خواہش کے گنبد میں اسیر

گھر بناتا ہے تو سب سے پہلے دروازہ لگا

ہاں سمندر میں اتر لیکن ابھرنے کی بھی سوچ

ڈوبنے سے پہلے گہرائی کا اندازہ لگا

ہر طرف سے آئے گا تیری صداؤں کا جواب

چپ کے چنگل سے نکل اور ایک آوازہ لگا

سر اٹھا کر چلنے کی اب یاد بھی باقی نہیں

میرے جھکنے سے میری ذلت کا اندازہ لگا

لفظ معنی سے گریزاں ہیں تو ان میں رنگ بھر

چہرہ ہے بے نور تو اس پر کوئی غازہ لگا

آج پھر وہ آتے آتے رہ گیا اور آج پھر

سر بسر بکھرا ہوا ہستی کا شیرازہ لگا

رحم کھا کر عرشؔ اس نے اس طرف دیکھا مگر

یہ بھی دل دے بیٹھنے کا مجھ کو خمیازہ لگا

اک تیری بے رخی سے زمانہ خفا ہوا (غزل)

اک تیری بے رخی سے زمانہ خفا ہوا

اے سنگ دل تجھے بھی خبر ہے کہ کیا ہوا

دریوزہ گر سمجھ کے تو تھی ملتفت حیات

وہ یوں کہو کہ دامن دل ہی نہ وا ہوا

ڈوبا کچھ اس طرح سے مرا آفتاب دل

سب کچھ ہوا یہ پھر نہ سحر آشنا ہوا

یوں اس کے در پہ بیٹھے ہیں جیسے یہیں کے ہوں

ہائے یہ درد عشق جو زنجیر پا ہوا

چھینی ہے عشق نے تب و تاب‌ دماغ و دل

میں کیسے شاہ زور سے زور آزما ہوا

گھر سے چلو تو باندھ کے سر سے کفن چلو

شہر وفا سے دشت فنا ہے ملا ہوا

دل دے کے خوش ہوں میں کہ حفاظت کا غم گیا

تجھ سے قریب ہے وہ جو مجھ سے جدا ہوا

لب سے لگا تو بھول گئے ہم غم حیات

ساغر میں کوئی تجھ سا حسیں ہے چھپا ہوا

پی ہم نے خوب عرشؔ کشید نگاہ و دل

کس میکدے کا در تھا جو ہم پر نہ وا ہوا

اسے کہنا دسمبر آ گیا ہے (نظم)

اسے کہنا دسمبر آ گیا ہے

دسمبر کے گزرتے ہی برس اک اور ماضی کی گپھا میں ڈوب جائے گا

اسے کہنا دسمبر لوٹ آئے گا

مگر جو خون سو جائے گا جسموں میں نہ جائے گا

اسے کہنا ہوائیں سرد ہیں اور زندگی کے کہرے دیواروں میں لرزاں ہیں

اسے کہنا شگوفے ٹہنیوں میں سو رہے ہیں

اور ان پر برف کی چادر بچھی ہے

اسے کہنا اگر سورج نہ نکلے گا

تو کیسے برف پگھلے گی

اسے کہنا کہ لوٹ آئے

مزید غزلیں از عرش صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں