پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارمان جودھ پوری کی غزلیں — Armaan Jodhpuri Ghazals

ارمان جودھ پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کل تک جو انتظار تھا وہ بھی نہیں رہا (غزل)

کل تک جو انتظار تھا وہ بھی نہیں رہا

اک ہی تو میرا یار تھا وہ بھی نہیں رہا

تھوڑا بہت جو پیار تھا وہ بھی نہیں رہا

اک شخص بے قرار تھا وہ بھی نہیں رہا

جینے کی ایک امید تھی وہ بھی نہیں رہی

جس درد سے قرار تھا وہ بھی نہیں رہا

ایسی چلی ہوائیں کہ سب کچھ بکھر گیا

اک پیڑ سایہ دار تھا وہ بھی نہیں رہا

افسانے کی سیاہی سے سب کچھ بدل دیا

خوابوں پہ اختیار تھا وہ بھی نہیں رہا

جو موسموں کی طرح بدلتا تھا رنگتیں

اور آمد بہار تھا وہ بھی نہیں رہا

ہوتا تھا اپنے بیچ محبت کا لین دین

برکت کا کاروبار تھا وہ بھی نہیں رہا

پیاسی بہت تھی حسرتیں لو آج مر گئیں

بارش کا انتظار تھا وہ بھی نہیں رہا

ارمانؔ وہ خیال مری جائیداد تھا

اس فکر میں نکھار تھا وہ بھی نہیں رہا

آنکھوں میں تیری دید کے منظر لیے ہوئے (غزل)

آنکھوں میں تیری دید کے منظر لیے ہوئے

پھرتے ہیں سر پہ بوریا بستر لیے ہوئے

پہلی نظر نے آپ کی بسمل کیا ہمیں

ہم آج تک وہ چوٹ ہیں دل پر لیے ہوئے

کیسے کہوں کہاں ہے محبت کہاں نہیں

رگ رگ میں دوڑتی پھرے نشتر لیے ہوئے

اے آرزوئے دشت کہیں تو قیام کر

کیوں پھر رہی ہے خوابوں کا لشکر لیے ہوئے

کیا جانے کب کسی سے بچھڑنا پڑے یہاں

ہم جی رہے ہیں دل میں یہی ڈر لیے ہوئے

جن سے سنبھل نہ پاتا ہے چوڑی کا بوجھ تک

وہ پھر رہے ہے شہر میں ہنٹر لیے ہوئے

حالانکہ ابتدا ہے میرے ذوق عشق کی

دنیا کھڑی ہے ہاتھ میں پتھر لیے ہوئے

اک فریم میں جڑے ہوئے ہیں دونوں ایک ساتھ

میں سر جھکائے اور وہ خنجر لیے ہوئے

اب در بہ در یہاں سے وہاں گھومتے ہیں ہم

پلکوں پہ کتنے درد کے منظر لئے ہوئے

مزید غزلیں از ارمان جودھ پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں