پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عقیل شاطر انصاری کی غزلیں — Aqeel Shatir Ansari Ghazals

عقیل شاطر انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب لوٹ کے واپس مجھے جانا بھی نہیں ہے (غزل)

اب لوٹ کے واپس مجھے جانا بھی نہیں ہے

وہ روٹھ گیا ہے تو منانا بھی نہیں ہے

سچ ہے کہ نگاہوں سے گرانا بھی نہیں ہے

پلکوں پہ مگر اس کو بٹھانا بھی نہیں ہے

دامن پہ کوئی داغ لگانا بھی نہیں ہے

دامن کو گناہوں سے بچانا بھی نہیں ہے

غیرت کی کوئی کس طرح امید رکھے اب

سب جانتے ہیں اب وہ زمانہ بھی نہیں ہے

تعمیل کسی حکم کی ہرگز نہ کریں گے

اور پیش ستم سر کو جھکانا بھی نہیں ہے

اک بار چلا جائے جو دامن کو چھڑا کر

بھولے سے کبھی اس کو بلانا بھی نہیں ہے

برسات نے یہ حکم ہواؤں کو دیا تھا

ہے آگ جہاں پر وہاں جانا بھی نہیں ہے

پر آنکھ سے ٹپکائیں لہو کس لئے شاطرؔ

جب عہد وفا ہم کو نبھانا بھی نہیں ہے

بے قراری ہو مگر پھر بھی قرار آ جائے (غزل)

بے قراری ہو مگر پھر بھی قرار آ جائے

وہ پلٹ کر بھی جو دیکھے تو بہار آ جائے

گفتگو ایسی کرو دل کو قرار آ جائے

جیسے ویرانے میں چپکے سے بہار آ جائے

کیوں نظر آئے بھلا عکس محبت اس میں

دل کے شیشے پہ اگر گرد و غبار آ جائے

تیری آنکھوں میں ہے بنگال کا جادو اب بھی

تو جہاں دیکھے وہاں تیرا شکار آ جائے

موت سے ڈرنے کا مر جائے گا احساس اگر

زندگی پھر ترے چہرے پہ نکھار آ جائے

تم عقیدت کی شرابوں کا نشہ کیا جانو

ہم تصور بھی جو کر لیں تو خمار آ جائے

پھول سے چہرے پہ ٹھہرے ہوئے آنسو شاطرؔ

کوئی دشمن بھی اگر دیکھے تو پیار آ جائے

مزید غزلیں از عقیل شاطر انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں