پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انور تاباں کی غزلیں — Anwar Taban Ghazals

انور تاباں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آپ کو اپنا بناتے ہوئے ڈر لگتا ہے (غزل)

آپ کو اپنا بناتے ہوئے ڈر لگتا ہے

دل کی دنیا بھی بساتے ہوئے ڈر لگتا ہے

لگ نہ جائے کہیں ان پھولوں کو دنیا کی نظر

داغ دل اپنے دکھاتے ہوئے ڈر لگتا ہے

ہو نہ جائے کہیں ہنگامۂ محشر برپا

اپنی روداد سناتے ہوئے ڈر لگتا ہے

تپش حسن نہ پروانہ بنا دے مجھ کو

اس کے نزدیک بھی جاتے ہوئے ڈر لگتا ہے

غرق ہو جائے نہ دنیائے تصور اپنی

اشک غم آنکھ میں لاتے ہوئے ڈر لگتا ہے

شغل تھا دشت نوردی کا کبھی اے تاباںؔ

اب گلستاں میں بھی جاتے ہوئے ڈر لگتا ہے

ہر ایک شخص مرا شہر میں شناسا تھا (غزل)

ہر ایک شخص مرا شہر میں شناسا تھا

مگر جو غور سے دیکھا تو میں اکیلا تھا

وہ خواب عیش طرب کا جو ہم نے دیکھا تھا

حقیقتوں سے پرے تھا حسین دھوکا تھا

خدا ہمیں بھی دکھا دے وہ دور کیسا تھا

خلوص و مہر کا ہر شخص جس میں دریا تھا

ستم بھی مجھ پہ وہ کرتا رہا کرم کی طرح

وہ مہرباں تو نہ تھا مہربان جیسا تھا

اسی کو مطلبی تاباںؔ کہا زمانے نے

دعا سلام جو چھوٹے بڑے سے رکھتا تھا

مزید غزلیں از انور تاباں ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں