افضال احمد سید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گرا تو گر کے سر خاک ابتذال آیا (غزل)
گرا تو گر کے سر خاک ابتذال آیا
میں تیغ تیز تھا لیکن مجھے زوال آیا
عجب ہوا کہ ستارہ شناس سے مل کر
شکست انجم نوخیز کا خیال آیا
میں خاک سرد پہ سویا تو میرے پہلو میں
پھر ایک خواب شکست آئنہ مثال آیا
کمان شاخ سے گل کس ہدف کو جاتے ہیں
نشیب خاک میں جا کر مجھے خیال آیا
کوئی نہیں تھا مگر ساحل تمنا پر
ہوائے شام میں جب رنگ اندمال آیا
یہی ہے وصل دل کم معاملہ کے لیے
کہ آئنے میں وہ خورشید خد و خال آیا
دعا کی راکھ پہ مرمر کا عطرداں اس کا (غزل)
دعا کی راکھ پہ مرمر کا عطرداں اس کا
گزیدگی کے لیے دست مہرباں اس کا
گہن کے روز وہ داغی ہوئی جبیں اس کی
شب شکست وہی جسم بے اماں اس کا
کمند غیر میں سب اسپ و گوسفند اس کے
نشیب خاک میں خفتہ ستارہ داں اس کا
تنور یخ میں ٹھٹھرتے ہیں خواب و خوں اس کے
لکھا ہے نام سر لوح رفتگاں اس کا
چنی ہوئی ہیں تہہ خشت انگلیاں اس کی
کھلا ہوا ہے پس ریگ بادباں اس کا
وہ اک چراغ ہے دیوار خستگی پہ رکا
ہوا ہو تیز تو ہر حال میں زیاں اس کا
اسی سے دھوپ ہے انبار دھند ہے روپوش
گرفت خواب سے برسر ہے کارواں اس کا