پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انور شیخ کی غزلیں — Anwar Sheikh Ghazals

انور شیخ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب ملے ہے پوچھتا تم کون ہو تم کون ہو (غزل)

جب ملے ہے پوچھتا تم کون ہو تم کون ہو

آہ یہ کیسی ادا تم کون ہو تم کون ہو

دور مشکل میں گلہ اغیار کا کیسے کروں

جب کہے یہ آشنا تم کون ہو تم کون ہو

مالک کرسی تھا تو کرتے تھے جو جھک کر سلام

وہ کہیں جب سے گرا تم کون ہو تم کون ہو

جب کہا چاہت عدو سے اصل میں توہین عشق

بے وفا کہنے لگا تم کون ہو تم کون ہو

چاہے جب پھسلائے مجھ کو چاہوں میں کچھ بھی اگر

تو کہے یہ مہ لقا تم کون ہو تم کون ہو

دل ہے اصل زندگی دینے سے پہلے غیر کو

پوچھنے میں کیا برا تم کون ہو تم کون ہو

بندۂ ناچیز ایسا یوم محشر کو اگر

کیا عجب پوچھے خدا تم کون ہو تم کون ہو

جب کہا جپتے ہیں مالا ہم تو تیرے نام کی

ہنس کے اس نے کہہ دیا تم کون ہو تم کون ہو

دل میں تصویر صنم ہونٹوں پہ ہے نام خدا

میں سنوں ہر دم صدا تم کون ہو تم کون ہو

وعدۂ بوسہ کیا لیکن عوض میں دی چپت

اور نخوت سے کہا تم کون ہو تم کون ہو

عاشقی مسلک وہ انورؔ جس میں دو بنتے ہیں ایک

یہ گنہ ہے پوچھنا تم کون ہو تم کون ہو

ستم گر یار کی ایسی کی تیسی (غزل)

ستم گر یار کی ایسی کی تیسی

دل لاچار کی ایسی کی تیسی

بڑھائے اور بھی احساس غم جو

ہو اس غم خوار کی ایسی کی تیسی

ہنسی جو حال دل سن کر اڑائے

ہو اس دل دار کی ایسی کی تیسی

نہ جس میں کچھ خلوص و دل ربائی

ہو اس اقرار کی ایسی کی تیسی

صنم کی دید بہلائے نہ جس کو

ہو اس بیمار کی ایسی کی تیسی

نہ چشم یار جس سے ڈبڈبائے

ہو اس اظہار کی ایسی کی تیسی

رہا جو بے رخی کا ترجماں جو

ہو اس معیار کی ایسی کی تیسی

کریں گمراہ جو نام خدا پر

ہو ان اقدار کی ایسی کی تیسی

نظر آئے نہ جس کو جز شرارت

دل بیدار کی ایسی کی تیسی

اگر بچے ہوں فاقوں سے بلکتے

ہو اس تہوار کی ایسی کی تیسی

نظر آئے جو کانٹوں کا بچھونا

ہو اس گلزار کی ایسی کی تیسی

جو مشکل دور میں آنکھیں چرائے

ارے اس یار کی ایسی کی تیسی

فن تعمیر سے نا آشنا جو

ہو اس معمار کی ایسی کی تیسی

نہ سر دشمن کا جو کاٹے رفیقو

ہو اس تلوار کی ایسی کی تیسی

نہ جانے فرق آب و مے جو ہمدم

ہو اس مے خوار کی ایسی کی تیسی

رلائے ہر گھڑی تجھ کو جو انورؔ

ترے اس پیار کی ایسی کی تیسی

مزید غزلیں از انور شیخ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں