افضال فردوس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس طرح ستایا ہے پریشان کیا ہے (غزل)
اس طرح ستایا ہے پریشان کیا ہے
گویا کہ محبت نہیں احسان کیا ہے
تجھ کو ہی نہیں مجھ کو بھی حیران کیا ہے
اس دل نے بڑا ہم کو پریشان کیا ہے
سوچا تھا کہ تم دوسروں جیسے نہیں ہو گے
تم نے بھی وہی کام مری جان کیا ہے
ہر روز سجاتے ہیں تری یاد کے غنچے
آنکھوں کو ترے ہجر میں گلدان کیا ہے
مشکل تھا بہت میرے لیے ترک تعلق
یہ کام بھی تم نے مرا آسان کیا ہے
یہ دل کا نگر ایسے تو ویران تھا کب سے
لا ریب اسے آپ نے سنسان کیا ہے
یہ عزت و ناموس سبھی اس کی عطا ہے
وہ جس نے گڑریے کو بھی سلطان کیا ہے
دیواروں میں در ہوتا تو اچھا تھا (غزل)
دیواروں میں در ہوتا تو اچھا تھا
اپنا کوئی گھر ہوتا تو اچھا تھا
اس کا رنگیں آنچل اوڑھ کے سو جاتے
اور ایسا اکثر ہوتا تو اچھا تھا
رنگ آ جاتے مٹھی میں جگنو بن کر
خوشبو کا پیکر ہوتا تو اچھا تھا
بادل پربت جھرنے پیڑ پرندے چپ
وہ بھی ساتھ اگر ہوتا تو اچھا تھا
کیوں آوارہ پھرتے سونی گلیوں میں
کوئی اگر گھر پر ہوتا تو اچھا تھا