پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انور شمیم انور کی غزلیں — Anwar Shamim Anwar Ghazals

انور شمیم انور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ چھوڑ ضد مگر اس کو انا کا نام نہ دے (غزل)

نہ چھوڑ ضد مگر اس کو انا کا نام نہ دے

یہ ایک بت ہے تو بت کو خدا کا نام نہ دے

گلہ نہیں مجھے تیری منافقت کا مگر

منافقت کو خلوص وفا کا نام نہ دے

قبول ترک تعلق بھی ہے ہمیں لیکن

تو اس ستم کو ہماری رضا کا نام نہ دے

اک آرزو ہے تعلق بحال کرنے کی

اس آرزو کو مری التجا کا نام نہ دے

جو تیرے ظلم و ستم پر خموش ہے انورؔ

تو اپنے ظلم و ستم کو سزا کا نام نہ دے

مصیبت میں کبھی ایسے حسیں لمحے بھی آتے ہیں (غزل)

مصیبت میں کبھی ایسے حسیں لمحے بھی آتے ہیں

کہ دشمن بھی پرانی رنجشوں کو بھول جاتے ہیں

بہت جی چاہتا ہے جن سے کوئی سچ بتانے کو

نہ جانے کیوں وہ سچ قصداً انہی سے ہم چھپاتے ہیں

انہیں خود احتسابی کی بھی کچھ توفیق ہو یا رب

جو قصداً آئے دن میری وفائیں آزماتے ہیں

بڑا قاتل تکلف پل رہا ہے تیرے لہجے میں

بڑے شبہات میرے دل میں پیہم سر اٹھاتے ہیں

خدا را سنگ ریزوں کا شبہ کرنا نہ تم ہرگز

مرے خط میں خلوص دل کے موتی جگمگاتے ہیں

یہ رخ ہے کیا حسیں انور شمیمؔ اپنی تباہی کا

کئی احباب جو بے چین تھے اب مسکراتے ہیں

درخت ہے یہ خزاں گرفتہ (نظم)

درخت ہے یہ خزاں گرفتہ

سلگتی ویرانیوں

دہکتے سکوت کی اک دبیز چادر کو اوڑھے

حیران و مضطرب سا

کہ جیسے منزل پہ لٹنے والا کوئی مسافر

بہ باطن افسردہ خاطر

اور مطمئن بظاہر

کہ عالم بے بضاعتی ہے

نہ پھل ہے کوئی نہ غنچہ و گل نہ سبز پتے

نہ وہ لچکتی مہکتی شاخیں

ہیں سر سے پا تک خزاں کی تاریکیاں مسلط

کرن کرن مر چکی

امیدیں دھواں دھواں ہیں

بجھا بجھا ہے درخت

لیکن بجھے بجھے سے درخت میں سبز روشنی سو رہی ہے اب بھی

ہمیں یقیں ہے

بہار کی رت جب آئے گی

تو جگائے گی سبز روشنی کو

درخت پھر جگمگا اٹھے گا

حیات کی سبز روشنی سے

مزید غزلیں از انور شمیم انور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں