پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انور غافل کی غزلیں — Anwar Ghafil Ghazals

انور غافل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

در در کی بھی نہ ٹھوکر کھاؤ موقع ہے (غزل)

در در کی بھی نہ ٹھوکر کھاؤ موقع ہے

خود اپنی پہچان بناؤ موقع ہے

زخموں کی گنجائش رکھی ہے میں نے

تم بھی اپنا تیر چلاؤ موقع ہے

یا تو میرے ہاتھ پہ اپنا ہاتھ رکھو

یا دنیا سے ہاتھ ملاؤ موقع ہے

میں طوفان میں کشتی لے کر اترا ہوں

تم چاہو تو جان چھڑاؤ موقع ہے

ساتھ نہ چھوٹے آپس کی تکراروں میں

ہاتھوں کو زنجیر بناؤ موقع ہے

آ جائے گا نام شہیدوں میں اپنا

اس مٹی پر جان لٹاؤ موقع ہے

آج عدالت اور یہ منصف تیرے ہیں

جو چاہو الزام لگاؤ موقع ہے

تیری حویلی میرا چھپر ٹوٹ گیا

ٹوٹ نہ جائے دیش بچاؤ موقع ہے

کل یہ تم کو خون رلائے گی غافلؔ

آنگن کی دیوار گراؤ موقع ہے

ہر بار نئے تیروں کی بوچھار کرے ہے (غزل)

ہر بار نئے تیروں کی بوچھار کرے ہے

یہ کام تھا دشمن کا مگر یار کرے ہے

دے سکتا ہوں میں اس کو جواب ان کی زباں میں

مجبور مگر مجھ کو یہ دستار کرے ہے

ہم نے تو دعا مانگی ہے دشمن کے لیے بھی

اک تو ہے کہ اپنوں پہ ہی یلغار کرے ہے

جو شخص مرے نام سے منسوب ہوا تھا

وہ آج مری راہ کو پرخار کرے ہے

پہلے تو بناتی ہے مکاں خود ہی حکومت

پھر اس پہ ستم یہ ہے کہ مسمار کرے ہے

بیدار نہ کر دے کہیں یہ نیند سے سب کو

پازیب ترے پاؤں کی جھنکار کرے ہے

دیکھا نہ کرو شوخ نگاہوں سے خدا را

یہ تیر نظر میرا جگر پار کرے ہے

ہم میرؔ کے شیدائی ہیں غالبؔ کے ہیں پیکر

دنیا کو یہی بات تو بیزار کرے ہے

مزید غزلیں از انور غافل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں