پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انور باری کی غزلیں — Anwar Bari Ghazals

انور باری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سنتے ہیں کہ اس شب کا سویرا نہیں ممکن (غزل)

سنتے ہیں کہ اس شب کا سویرا نہیں ممکن

اللہ اگر چاہے تو پھر کیا نہیں ممکن

اس خواب کو تم آنکھوں سے گرنے نہیں دینا

ویسے تو کسی پل کا بھروسہ نہیں ممکن

خوشبو مری سانسوں میں رفاقت کی بھری ہے

ہو ختم کسی سے مرا رشتہ نہیں ممکن

وہ زہر تعصب جو یہاں اب بھی بہت ہے

دنیا کے کسی کونے میں ہوگا نہیں ممکن

پامالئ باطل کی مثالوں سے ہے ثابت

معدوم ہو سچائی کا رستہ نہیں ممکن

اس ہجر کے موسم کی طوالت سے ہے ظاہر

ہو منعقد جشن تمنا نہیں ممکن

دم بھرتا ہوں تہذیب کا میں گنگ و جمن کی

اردو نہ پڑھے میرا ہی بچہ نہیں ممکن

رخ ترے سوچنے کا بدلا کیوں (غزل)

رخ ترے سوچنے کا بدلا کیوں

تو مرا نام سن کے چونکا کیوں

گھر کی دیواریں ہو گئیں اونچی

تم نے باہر کا خواب دیکھا کیوں

لفظ کیوں بن رہے ہیں آوازیں

سانس لینے لگا اندھیرا کیوں

لوگ پہلے ہی بد گماں کم تھے

تم نے میرا مزاج پوچھا کیوں

جس نے گھر ہی ہمارا پھونک دیا

تم نے ایسا دیا جلایا کیوں

بات کمزور اگر نہ کرتے آپ

ہوتا مجبوریوں کا سودا کیوں

جسم تو دھوپ سے جلے گا ہی

تم نے سایہ شجر کا بیچا کیوں

مزید غزلیں از انور باری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں