آفاق فاخری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا ضروری کہ گروں میں تو سنبھالے کوئی (غزل)
کیا ضروری کہ گروں میں تو سنبھالے کوئی
اور مرے پاؤں کا کانٹا بھی نکالے کوئی
خوشبوؤں کی طرح چاہیں گے زمانے والے
پہلے کردار کو پھولوں سا بنا لے کوئی
آج کے دور میں شہرت کی تمنا ہو اگر
اپنے چہرے پہ کئی چہرے لگا لے کوئی
اک دیا ہم نے جلایا جو سر راہ گزر
کر نہ دے اس کو ہواؤں کے حوالے کوئی
شب کی تاریکی میں بھی نور کا عالم ہوگا
پہلے پلکوں پہ ستاروں کو سجا لے کوئی
چاہے تو اپنے ہر اک حسن عمل سے آفاقؔ
اپنے ماں باپ کی ہر وقت دعا لے کوئی
مسئلوں کے یخ بستہ صحرا میں (نظم)
مسئلوں کے یخ بستہ صحرا میں
میرا آدھا بدن دھنس چکا ہے
برسوں سے میں گڑا ہوا ہوں
برف کے اندر کھڑا ہوا ہوں
کئی بار
میرا بدن مکمل طور پر برف کے اندر دھنس چکا ہے
وہ سورج
خدا کا سورج
سب کے خدا کا سورج
جس کی شعاعیں
مصلحت کا ملبوس اوڑھ کر
میرے قریب میرا مزاج پوچھنے کے لئے آتی ہیں
اور
میرے سر سے آدھے بدن تک برف کو چاٹ کر
میرے بدن کو عریاں کر کے چلی جاتی ہیں
آسمان کی اپنی سنہری مسند پر بیٹھ کر
میری عریانیت سے لطف اندوز ہوتی ہیں