انور علی خان سوز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا بات کہی کیا بات سنی کچھ یاد نہیں کچھ یاد بھی ہے (غزل)
کیا بات کہی کیا بات سنی کچھ یاد نہیں کچھ یاد بھی ہے
جب ان سے ملے تو کیا گزری کچھ یاد نہیں کچھ یاد بھی ہے
ارمان ہزاروں تھے دل میں معلوم نہیں نکلے کیا کیا
اور کون سی حسرت دل میں رہی کچھ یاد نہیں کچھ یاد بھی ہے
کس کس پہ ہوا ساقی کا کرم کس کس کو ملا جینے کا مزہ
اور کس کے لبوں پر آہ رہی کچھ یاد نہیں کچھ یاد بھی ہے
آنکھوں میں رہے کب تک آنسو کب تک تصویر رہی ان کی
کس طرح سے غم کی رات کٹی کچھ یاد نہیں کچھ یاد بھی ہے
اتنا تو پتہ ہے دیکھا تھا اے سوز کسی نے ہنس کے ادھر
کب راکھ ہوئے کب آگ لگی کچھ یاد نہیں کچھ یاد بھی ہے
فقط ہمیں کو نہیں بے قرار کرتے ہیں (غزل)
فقط ہمیں کو نہیں بے قرار کرتے ہیں
وہ خود بھی جاگتے ہیں انتظار کرتے ہیں
کہیں جو عشق میں مٹنے کی بات چلتی ہے
ہمارا ذکر بھی وہ بار بار کرتے ہیں
کسی کا حسن نگاہوں میں اب نہیں جچتا
قسم خدا کی فقط تم سے پیار کرتے ہیں
انہیں نہ تیر نہ تلوار کی ضرورت ہے
وہ دل پہ اپنی نگاہوں سے وار کرتے ہیں
ہر ایک بات سے ظاہر ہے بے وفا ہو مگر
ہر ایک بات کا ہم اعتبار کرتے ہیں
تمام دن ترے ملنے کی آس رہتی ہے
تمام رات ترا انتظار کرتے ہیں
سنا ہے یاد ستاتی ہے جن کی سوزؔ ہمیں
وہ یاد کرتے ہیں اور بار بار کرتے ہیں