پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انج ناگندر کی غزلیں — Anuj Nagendra Ghazals

انج ناگندر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیری رحمت سے اچانک دور ہو جاؤں نہ میں (غزل)

تیری رحمت سے اچانک دور ہو جاؤں نہ میں

ایک مالک سے کہیں مزدور ہو جاؤں نہ میں

میرے مالک ایک چھوٹی سی دعا کر لے قبول

رحمتیں پا کر تری مغرور ہو جاؤں نہ میں

جھلملاتا سا دیا ہوں خوف ہے دل میں تو بس

دیکھتے ہی دیکھتے بے نور ہو جاؤں نہ میں

اس قدر تو امتحان صبر مت لے اب مرا

در سے اٹھنے کے لیے مجبور ہو جاؤں نہ میں

اس سے ملنے کی دوبارہ اس لئے کوشش نہ کی

اس کے ہاتھوں پھر کہیں رنجور ہو جاؤں نہ میں

اس نے جب پردا ہٹایا پھیر لی میں نے نگاہ

اس لئے کہ جل کے کوہ طور ہو جاؤں نہ میں

آئنہ مجھ کو بنایا ہے تو رکھ محفوظ بھی

پتھروں کی زد میں آکر چور ہو جاؤں نہ میں

ہر بار ہمیں دیتے ہیں پیغام محبت (غزل)

ہر بار ہمیں دیتے ہیں پیغام محبت

تم بھی تو بڑھاؤ کبھی اقدام محبت

ہم ہی سے زمانہ میں محبت کا چلن ہے

ہم لوگ نہیں سوچتے انجام محبت

دنیا کی کسی مے میں اسے لطف نہ آیا

ہونٹوں سے لگا جس کے کبھی جام محبت

ہر صبح سہانی ہے محبت کے نشہ میں

پر لطف ہوا کرتی ہے ہر شام محبت

ہر شخص کی آنکھوں سے ہوس جھانک رہی ہے

دنیا سے نہ مٹ جائے کہیں نام محبت

تم بن کے جو آئے ہو محبت کے طرف دار

دیکھا نہیں ہے کیا کبھی آلام محبت

وہ لوگ محبت کا مزہ خاک سمجھتے

چوما ہی جنہوں نے نہ کبھی بام محبت

مزید غزلیں از انج ناگندر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں