انکت گوتم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رشتوں کو جب دھوپ دکھائی جاتی ہے (غزل)
رشتوں کو جب دھوپ دکھائی جاتی ہے
سگریٹ سے سگریٹ سلگائی جاتی ہے
جسم ہمارا اک ایسی مل ہے جس میں
اندھیاروں سے دھوپ بنائی جاتی ہے
نا سے اس کی شکل ملانے لگتا ہوں
جب اس کی آواز سنائی جاتی ہے
کیا وہ پنے سچ مچ کورے ہوتے ہیں
جن پر کوئی ضرب لگائی جاتی ہے
بلے بابا دیوانوں کو سمجھاؤ
اپنی ہستی کام میں لائی جاتی ہے
اپنی مٹی اپنا پانی واپس لے
سنتے ہیں یہ شے لوٹائی جاتی ہے
پتھر لے کر آتے ہیں سب سینے میں
بھاگ جگے تو ٹھوکر کھائی جاتی ہے
خاموشی سے یکجا کرتے ہیں خود کو
شور مچا کر آگ بجھائی جاتی ہے
ہوتے ہوتے روشن ہوتا ہے چہرہ
جاتے جاتے دل سے کائی جاتی ہے
دونوں بھوؤں کی شکنیں ہاتھ بٹاتی ہیں
اپنی تیسری آنکھ بنائی جاتی ہے
دشت میں آگ لگانے کے لئے پانی ہے (غزل)
دشت میں آگ لگانے کے لئے پانی ہے
تو مری پیاس بڑھانے کے لئے پانی ہے
مجھ کو اک عہد کی میت پہ گھڑا پھوڑنا ہے
سو مرے پاس زمانے کے لئے پانی ہے
تیری تصویر بنانے میں لہو سوکھ گیا
تیری تصویر مٹانے کے لئے پانی ہے
ہم یہ کہتے ہیں کہ انسانی بدن ہے مٹی
سو اسے تاب میں لانے کے لئے پانی ہے
تیری دنیا مری دنیا سے الگ ہو شاید
یاں تو ہر نقش مٹانے کے لئے پانی ہے