انجم لدھیانوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خود سے ملنا ملانا بھول گئے (غزل)
خود سے ملنا ملانا بھول گئے
لوگ اپنا ٹھکانا بھول گئے
رنگ ہی سے فریب کھاتے رہیں
خوشبوئیں آزمانا بھول گئے
تیرے جاتے ہی یہ ہوا محسوس
آئنے جگمگانا بھول گئے
جانے کس حال میں ہیں کیسے ہیں
ہم جنہیں یاد آنا بھول گئے
پار اتر تو گئے سبھی لیکن
ساحلوں پر خزانہ بھول گئے
دوستی بندگی وفا و خلوص
ہم یہ شمعیں جلانا بھول گئے
آنکھوں میں طوفان بہت ہے (غزل)
آنکھوں میں طوفان بہت ہے
بارش کا امکان بہت ہے
راہ وفا پر چلنے والے
یہ رستہ ویران بہت ہے
دل ہر ضد منوا لیتا ہے
یہ بچہ شیطان بہت ہے
ایک ذرا ایماں بک جائے
پھر سب کچھ آسان بہت ہے
دل کا عالم مہکانے کو
تیری اک مسکان بہت ہے
مزید غزلیں از انجم لدھیانوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں