پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انجم فاروق کی غزلیں — Anjum Farooq Ghazals

انجم فاروق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ اپنے اعتبار کا نشہ اتار کے (غزل)

وہ اپنے اعتبار کا نشہ اتار کے

آیا ہے ایک رات میں صدیاں گزار کے

اس پار جانے والوں کو کس کا ہے انتظار

کشتی چلی گئی ہے مسافر اتار کے

بعد خزاں ہوئی ہے اسے رفتگاں کی یاد

اشکوں کی طرح گرتے ہیں پتے چنار کے

کہتے ہیں لوگ ڈھلتا ہوا چاند دیکھ کر

وہ جا رہا ہے کوئی شب غم گزار کے

میں اور اس سے بات کروں وہ بھی دل کی بات

دیوانہ کر گئے مجھے جھونکے بہار کے

میرا خیال تھا نہیں دھوکہ کریں گے وہ

خوبان شہر پکے ہیں قول و قرار کے

میں کس کو ڈھونڈھتا ہوں گھنے جنگلوں کے بیچ

یہ کون چھپ گیا مجھے انجمؔ پکار کے

حاکم شہر کی خواہش کہ حکومت کی جائے (غزل)

حاکم شہر کی خواہش کہ حکومت کی جائے

ورنہ حالات تو ایسے ہیں کہ ہجرت کی جائے

اب تو دینے لگے بچے بھی بڑوں کو گالی

جس کے باعث یہ ہوا اس کی مذمت کی جائے

اب ضرورت ہے کہ سب مل کے بچائیں اس کو

ڈوبتی ناؤ میں ہرگز نہ سیاست کی جائے

وہ تو کہتا ہے کہ بس مجھ کو معافی دے کر

شہر والوں میں کسی سے نہ رعایت کی جائے

میں تو کہتا ہوں کہ ایوان سے باہر آ کر

خلقت شہر کے دل پر بھی حکومت کی جائے

تو تو سنتا ہی نہیں دوست ہماری باتیں

لیکن اتنا تو بتا کس سے شکایت کی جائے

ایک ہی عشق ہے اور عشق کا مطلب یہ ہے

اس کے سائے میں کئی بار محبت کی جائے

دخل انداز نہ ہو اس میں زمانہ انجمؔ

جب بھی کی جائے محبت تو محبت کی جائے

مزید غزلیں از انجم فاروق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں