انجم بارہ بنکوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جھوٹی باتیں جھوٹے لوگ (غزل)
جھوٹی باتیں جھوٹے لوگ
سہتے رہیں گے سچے لوگ
ہریالی پر بولیں گے
ساون کے سب اندھے لوگ
دو پیسے میں مہنگے ہیں
کرداروں کے سستے لوگ
میری گزارش کیا سنتے
اونچے قد کے چھوٹے لوگ
غیر تو آنسو پوچھیں گے
دھوکا دیں گے اپنے لوگ
ایک جگہ کم ملتے ہیں
اتنے سارے اچھے لوگ
اس جیون میں گھوم چکے
آدھی دنیا پورے لوگ
برسوں میں پھر دیکھیں گے
بھولے بھالے پیارے لوگ
صدیوں پہلے ہوتے تھے
اپنی دھن کے پکے لوگ
ہر محفل میں کرتے ہیں
اوچھی حرکت اوچھے لوگ
زہر لگتا ہے یہ عادت کے مطابق مجھ کو (غزل)
زہر لگتا ہے یہ عادت کے مطابق مجھ کو
کچھ منافق بھی بتاتے ہیں منافق مجھ کو
دن چڑھے دھوپ کی باتیں نہیں سنتا کوئی
چاندنی رات پکارے ترا عاشق مجھ کو
کشتیاں ریشمی خوابوں کی جلا کر جانا
کس کی چاہت نے بنا رکھا ہے طارقؔ مجھ کو
آپ کے نام پہ میں حد میں رہا ہوں لیکن
آپ کے نام پہ دنیا نے کیا دق مجھ کو
میں نے سورج کی طرح خود کو بنایا جس دن
دیکھنے آئیں گے یہ مغرب و مشرق مجھ کو
آپ کہتے تو ذرا دل کو تسلی ہوتی
کہنے والوں نے کہا عاشق صادق مجھ کو