انیتا سونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بچپن تمام گزرا ہے تاروں کی چھاؤں میں (غزل)
بچپن تمام گزرا ہے تاروں کی چھاؤں میں
تتلی کے پیچھے جاتی تھی بادل کے گاؤں میں
گرمی کی تیز دھوپ میں پیپل کی چھاؤں میں
سونیؔ بڑا سکون تھا چھوٹے سے گاؤں میں
منزل کی آرزو بھلا کرتے بھی کس طرح
کانٹے چبھے ہوئے تھے ہمارے تو پاؤں میں
جب دھوپ کے سفر سے وہ آئے گا لوٹ کر
اس کو بٹھا کے رکھوں گی زلفوں کی چھاؤں میں
اے دوست راہ عشق میں چلتی میں کس طرح
زنجیر ڈال رکھی تھی دنیا نے پاؤں میں
اس کی نظروں میں اب دھواں ہوں میں (غزل)
اس کی نظروں میں اب دھواں ہوں میں
اب زمیں ہوں نہ آسماں ہوں میں
نا مکمل سی داستاں ہوں میں
دل ناکام کی زباں ہوں میں
لوگ ارمان جن کو کہتے ہیں
ان چراغوں کا ہی دھواں ہوں میں
کیا ہوا وہ جو مجھ سے کہتا تھا
تیری دنیا ترا جہاں ہوں میں
حد نہیں عالم تصور کی
کیا بتاؤں کہاں کہاں ہوں میں
جو کہ تقدیر ہی سے ملتی ہے
ایسی منزل کا کارواں ہوں میں
عشق کہتے ہیں جس کو اے سونیؔ
راز ہے دل کا رازداں ہوں میں