ابرار نغمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شام کے دھندلکوں میں صبح کے اجالوں میں (غزل)
شام کے دھندلکوں میں صبح کے اجالوں میں
زندگانی الجھی ہے انگنت سوالوں میں
سن ہی جب نہیں پائے ہم صدائے دل اپنی
کیا ملے گا مسجد میں کیا ملے شوالوں میں
جیسے رات دھرتی پر جیسے رنگ پانی میں
چھا گئے ہیں خوابوں پر بس گئے خیالوں میں
سیم و زر کے دیوانو جام جم کے متوالو
پی کے بھی ذرا دیکھو ان شکستہ پیالوں میں
عمر نغمیؔ گزری ہے بس یہ آرزو کرتے
کاش ہم سفر ہوتا میں مدینے والوں میں
صدائے جرس ہوں نہ آہ نارسا ہوں میں (غزل)
صدائے جرس ہوں نہ آہ نارسا ہوں میں
نقیب صبح بہاراں ہے وہ صدا ہوں میں
بہ فیض عشق یہاں تک پہنچ گیا ہوں میں
حریم ناز کا بھی راز آشنا ہوں میں
ہوا میں اڑتی ہوئی گرد خاک پا ہوں میں
خرد کی آنکھ سے دیکھو تو کیمیا ہوں میں
ہیں خضر جس کے لیے گرم جستجو اب بھی
ہے رہنما سر منزل وہ نقش پا ہوں میں
یہیں پہ ختم نہیں میری جستجو کا سفر
ابھی تو دور سے منزل کو دیکھتا ہوں میں
جھکی نگاہ نے کیا کہہ دیا ہے یہ دل سے
جنون شوق کی حد سے گزر گیا ہوں میں
غم زمانہ یہ کیا گل کھلا گیا نغمیؔ
ہر ایک چہرہ فسردہ ہے دیکھتا ہوں میں