انیس شاہ انیس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہاتھ میرے ہیں بندھے ہاتھ ملاؤں کیسے (غزل)
ہاتھ میرے ہیں بندھے ہاتھ ملاؤں کیسے
پاس ہو کر بھی تیرے پاس میں آؤں کیسے
میرے اندر بھی مچلتا ہے سمندر لیکن
تیرے ہونٹوں کی ابھی پیاس بجھاؤں کیسے
وقت نے ڈال دی زنجیر میرے پیروں میں
دوڑ کر تجھ کو گلے یار لگاؤں کیسے
زہر آلودہ میرے ہاتھ ہوئے ہیں ہمدم
پیار کا جام بھلا تجھ کو پلاؤں کیسے
وقت کم اور میرے سامنے یہ لمبا سفر
تیری زلفوں میں حسیں شام بتاؤں کیسے
سامنے رہتی ہے محبوب کی صورت میرے
یا خدا سجدے میں سر اپنا جھکاؤں کیسے
بوجھ سر پر ہے فرائض کا انیسؔ اب میرے
پھر بتا سر پہ تیرے ناز اٹھاؤں کیسے
وہ شخص دو کو ہمیشہ ہی تین کہتا ہے (غزل)
وہ شخص دو کو ہمیشہ ہی تین کہتا ہے
کمال یہ بھی ہے خود کو ذہین کہتا ہے
زمانا اس کے لیے مہہ جبین کہتا ہے
وہ خود کو پھر بھی تو پردا نشین کہتا ہے
کہیں جو سچ تو ہے ممکن زبان ساتھ نہ دے
مگر وہ جھوٹ بہت بہترین کہتا ہے
ہے ٹوٹنا اسے اک دن ضرور ٹوٹے گا
گمان ہے یہ جسے تو یقین کہتا ہے
یہ بےوقوف بہت لگتی ہے عوام اسے
تبھی تو روز ہی جملے نوین کہتا ہے
کرو کسی سے بھی مذہب کے نام پر نفرت
بتائے کوئی ہمیں کون دین کہتا ہے
ہنر بھی خوب تجارت کا دیکھیے صاحب
سڑے ہوئے کو وہ تازہ ترین کہتا ہے
برائی کرتا ہے میری وہ پیٹھ پیچھے بھلے
ہر ایک شعر پہ تو آفرین کہتا ہے
یہ لفظ آتے ہیں دیدار حسن کا کرکے
غزل انیسؔ تبھی تو حسین کہتا ہے