ابرار اثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایک حسرت جو دل میں دبی رہ گئی (غزل)
ایک حسرت جو دل میں دبی رہ گئی
عمر بھر آنکھ میں پھر نمی رہ گئی
جو بھی مانگا خدا سے مجھے مل گیا
جانے کیوں آپ کی ہی کمی رہ گئی
جب سے راہیں ہماری ہوئی ہیں جدا
ہر طرف چیختی خامشی رہ گئی
آپ جب سے گئے ہیں مجھے چھوڑ کر
دل میں اک دائمی بیکلی رہ گئی
پی لئے سارے دریا مگر دوستو
کیوں لبوں پر مرے تشنگی رہ گئی
تھا جو قسمت میں اس کی اسے مل گیا
میری تقدیر میں شاعری رہ گئی
تم اگر مل بھی جاؤ تو کیا فائدہ
زندگی اب کہاں زندگی رہ گئی
موت نے روح کو جب پکارا اثرؔ
ہاتھ ملتی ہوئی زندگی رہ گئی
انسانیت کا آج علم دار کون ہے (غزل)
انسانیت کا آج علم دار کون ہے
یہ بار اب اٹھانے کو تیار کون ہے
بازی لگا کے جان کی تیری گلی میں ہم
دیکھیں گے عاشقی کا طرفدار کون ہے
تقدیر لے کے آ گئی بازار میں ہمیں
اب دیکھنا ہے اپنا طلب گار کون ہے
چاروں طرف ہے آج یہ عریانیت کا جال
فتنے سے اس کے یار خبردار کون ہے
ستار ہے وہ ڈھانپتا ہے سب گنہ مرے
ورنہ اثرؔ کے جیسا گنہگار کون ہے