امرتانشو شرما کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ دیر تک تو مجھ کو نہارا چلا گیا (غزل)
کچھ دیر تک تو مجھ کو نہارا چلا گیا
کل صبح میری آنکھ کا تارا چلا گیا
وہ خوش ہوا کہ اس کو خسارا نہیں ہوا
میں رو رہا تھا میرا سہارا چلا گیا
وہ گفتگو کے واسطے آیا تھا بام پر
میں چپ رہا تو اٹھ کے ستارا چلا گیا
کرنا تھا انتخاب مراسم میں عشق میں
میں نے سرا بچایا کنارا چلا گیا
وہ پوچھتے ہیں کب خدا آیا ہے فرش پر
ہم نے کہا کہ تم کو اتارا چلا گیا
ہم رو رہے ہیں اس کو جسے کوئی غم نہیں
اس کو تو کچھ نہیں تھا ہمارا چلا گیا
امرتؔ تمہیں بھی دنیا بری لگنے لگ گئی
کوئی تو اس جہاں سے تمہارا چلا گیا
بہت قیمتی ہیں یہ پیروں کے چھالے (غزل)
بہت قیمتی ہیں یہ پیروں کے چھالے
اندھیروں میں ہیں یہ سراپا اجالے
چمکنے کی خاطر ہے بیتاب ہر شے
کوئی روشنی ان اندھیروں پے ڈالے
طبیعت سے قاتل ہیں پر لگ رہے ہیں
بہت سیدھے سادے بڑے بھولے بھالے
جفا کرنے والے جفا کر رہے ہیں
وفا کر رہے ہیں وفا کرنے والے
ان آنکھوں کے دیپک بجھے جا رہے ہیں
خدا کے لیے رخ سے پردا اٹھا لے
پری رخ ہیں ہر سو تری انجمن میں
کہاں تک کوئی اپنے دل کو سنبھالے
جنہیں سن کے گلشن میں ہے شادمانی
یہ نغمے ہیں امرتؔ کے بلبل کے نالے