امت ورما کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کس سے کروں میں عشق خدارا کوئی تو ہو (غزل)
کس سے کروں میں عشق خدارا کوئی تو ہو
میری طرح ہی عشق کا مارا کوئی تو ہو
یہ جسم کیا ہے زندگی بھی سونپ دیں اسے
لیکن ہمارا صرف ہمارا کوئی تو ہو
ہم نے خدا بنا دیا یہ سوچ کر انہیں
ہم بے سہاروں کا بھی سہارا کوئی تو ہو
ذرہ بھی چاہتا ہے ستارا بنے مگر
اس کو بنانے والا ستارا کوئی تو ہو
ہم ایسے کیسے مان لیں مشہور ہو گئے
شہروں میں اشتہار ہمارا کوئی تو ہو
جس پر ہم اپنے دل کے سبھی راز کھول دیں
اتنا بھروسے مند خدارا کوئی تو ہو
یہ سوچ کر ہی ان کے بدن پر ملا تھا عشق
ان کے بدن پہ رنگ ہمارا کوئی تو ہو
جو مختصر ہے اسے بے حساب کر دینا (غزل)
جو مختصر ہے اسے بے حساب کر دینا
وہ جانتا ہے اگن کو بھی آب کر دینا
ہر ایک کے لیے ممکن نہیں محبت میں
کسی چراغ کو اک آفتاب کر دینا
مری وہ کوششیں چہرے پہ عشق پڑھنے کی
وہ ان کا عشق میں چہرہ کتاب کر دینا
کمال یہ نہیں پھولوں کو خار کر دیں ہم
کمال ہے کوئی کانٹا گلاب کر دینا
میں ان کے غم میں کبھی پی کے جھومنا چاہوں
مرے خدا مرے آنسو شراب کر دینا
کبھی دغا جو کروں ان سے تو مرے مولیٰ
مری یہ زندگی پھر سے عذاب کر دینا