الکا مشرا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سفر ہے دھوپ کا اس میں قیام تھوڑی ہے (غزل)
سفر ہے دھوپ کا اس میں قیام تھوڑی ہے
بلا ہے عشق یہ بچوں کا کام تھوڑی ہے
کسی کو وصل ہے بوجھل کوئی فراق میں خوش
دلوں کے کھیل میں کوئی نظام تھوڑی ہے
ہمارے دل میں دھڑکتا ہے نام اس کا ابھی
ہے یہ شروع محبت تمام تھوڑی ہے
جو اہل عشق ہیں منزل کا غم نہیں کرتے
یہ خاص لوگوں کا رستہ ہے عام تھوڑی ہے
ہم اپنے من کی کریں گے برا لگے کہ بھلا
ہمارا دل ہے تمہارا غلام تھوڑی ہے
تمہاری یاد جو آئی تو آ گئے ملنے
وگرنہ تم سے ہمیں کوئی کام تھوڑی ہے
بڑھا جو درد تو کاغذ پہ خود اتر آیا
سمجھ کے سوچ کے لکھا کلام تھوڑی ہے
توڑ دیتی ہیں بیڑیاں اکثر (غزل)
توڑ دیتی ہیں بیڑیاں اکثر
قید میں رہ کے بیٹیاں اکثر
چیر دیتی ہیں دل کے دامن کو
تنگ ذہنوں کی برچھیاں اکثر
خواب آنکھوں میں چھوڑ کر آدھے
جاگ جاتی ہیں لڑکیاں اکثر
زہر رشتوں میں گھول دیتی ہیں
سخت لہجے کی تلخیاں اکثر
نام پرچی پہ اس کا لکھ لکھ کے
دل لگاتا ہے عرضیاں اکثر
جب بھی سوچوں میں اس کے بارے میں
یاد آتی ہیں خوبیاں اکثر
زندگی عورتوں کو دیتی ہیں
گھر کی چھوٹی سی کھڑکیاں اکثر
دل میں چبھتی ہیں آج بھی میرے
ٹوٹے رشتوں کی کرچیاں اکثر