پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علی جواد زیدی کی غزلیں — Ali Jawad Zaidi Ghazals

علی جواد زیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نیند آ گئی تھی منزل عرفاں سے گزر کے (غزل)

نیند آ گئی تھی منزل عرفاں سے گزر کے

چونکے ہیں ہم اب سرحد عصیاں سے گزر کے

آنکھوں میں لیے جلوۂ نیرنگ تماشا

آئی ہے خزاں جشن بہاراں سے گزر کے

یادوں کے جواں قافلے آتے ہی رہیں گے

سرما کے اسی برگ پرافشاں سے گزر کے

کانٹوں کو بھی اب باد صبا چھیڑ رہی ہے

پھولوں کے حسیں چاک گریباں سے گزر کے

وحشت کی نئی راہ گزر ڈھونڈھ رہے ہیں

ہم اہل جنوں دشت و بیاباں سے گزر کے

بن جائے گا تارا کسی مایوس خلا میں

یہ اشک سحر گوشۂ داماں سے گزر کے

آوارگی فکر کدھر لے کے چلی ہے

سر منزل آزادئ انساں سے گزر کے

پائی ہے نگاہوں نے تری بزم تمنا

راتوں کو چناروں کے چراغاں سے گزر کے

اک گردش چشم کرم اک موج نظارہ

کل شب کو ملی گردش دوراں سے گزر کے

ملنے کو تو مل جائے مگر لے گا بھلا کون

ساحل کا سکوں شورش طوفاں سے گزر کے

اک نشتر غم اور سہی اے غم منزل

آ دیکھ تو اک روز رگ جاں سے گزر کے

اب درد میں وہ کیفیت درد نہیں ہے

آیا ہوں جو اس بزم گل افشاں سے گزر کے

اف وہ اک حرف تمنا جو ہمارے دل میں تھا (غزل)

اف وہ اک حرف تمنا جو ہمارے دل میں تھا

ایک طوفاں تھا کہ برسوں حسرت ساحل میں تھا

رفتہ رفتہ ہر تماشا آنسوؤں میں ڈھل گیا

جانے کیا آنکھوں نے دیکھا اور کیا منزل میں تھا

داستان غم سے لاکھوں داستانیں بن گئی

پھر بھی وہ اک راز سر بستہ رہا جو دل میں تھا

چشم ساقی کے علاوہ جام خالی کے سوا

کون اپنا آشنا اغیار کی محفل میں تھا

میرے ارمانوں کا مرکز میرے دردوں کا علاج

ٹمٹماتا سا دیا اک گوشۂ منزل میں تھا

گفتگو کے ختم ہو جانے پر آیا یہ خیال

جو زباں تک آ نہیں پایا وہی تو دل میں تھا

مٹ گئیں امروز و فردا کی ہزاروں الجھنیں

جو سکوں طوفاں میں پایا ہے وہ کب ساحل میں تھا

تمہیں جب یاد کرتا ہوں تو اک مٹتی ہوئی دنیا (نظم)

تمہیں جب یاد کرتا ہوں تو اک مٹتی ہوئی دنیا

مری آنکھوں کے آئینے میں پہروں جھلملاتی ہے

کہیں دم گھٹ رہا ہے مسکراتے سرخ پھولوں کا

کہیں کلیوں کے سینے میں ہوا رک رک کے آتی ہے

کہیں کجلا گئے ہیں دن کے چمکائے ہوئے ذرے

کہیں راتوں کی ہنستی روشنی غم میں نہاتی ہے

وہی دنیا جو کل تک دل کا دامن تھام لیتی تھی

اسی دنیا کے ہر ذرے میں اب بے التفاتی ہے

تمنا اپنی ناکامی پہ کانپ اٹھتی ہے یوں جیسے

بگولے میں کوئی سوکھی سی پتی تھرتھراتی ہے

گھنے کہرے میں جیسے ڈھنکتے جاتے ہوں ہرے سبزے

یوں ہی بیتے دنوں کی شکل دھندلی پڑتی جاتی ہے

جوانی کی اندھیری رات آدھی بھی نہیں گزری

محبت کے دیئے کی لو ابھی سے تھرتھراتی ہے