عبدالمجید بھٹی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شام غم اور ستاروں کے سوا (غزل)
شام غم اور ستاروں کے سوا
جی سکے ہم نہ سہاروں کے سوا
تلخیٔ آخر شب کون سہے
ہجر میں درد کے ماروں کے سوا
بے رخی بھی تو بجا ہے لیکن
پھول کیا چیز ہیں خاروں کے سوا
کس کو فرصت ہے کہ ہو سیر چمن
ماہ رو شعلہ عذاروں کے سوا
رنگ دنیا میں کئی اور بھی ہیں
بہکی بہکی سی بہاروں کے سوا
جانے جنت میں بھی کیا رکھا ہے
ایسے ہی شوخ نظاروں کے سوا
زندگی سب کو صدا دیتی ہے
ہاں مگر عرض گزاروں کے سوا
حاصل عمر رواں وہ ایک پل (غزل)
حاصل عمر رواں وہ ایک پل
جس میں تھا پہلی نظر کا روپ چھل
دیدہ و دل کے لیے ہیں رہنما
یہ جھجک نیچی نظر ابرو پہ بل
پیاس لگتی ہے تو کیوں بجھتی نہیں
آپ آئے تو ہوئی الجھن یہ حل
کیا برا تھا بند ہی رہتی نظر
زندگی بے کیف سی ہے آج کل
نامۂ اعمال ابھی بے رنگ ہے
چار دن کی چاندنی جائے نہ ڈھل
کام تیرا ہے گھنی چھاؤں میں کیا
تو مسافر ہے تجھے چلنا ہے چل
پھر کہیں سے اک ذرا آواز دے
سر پہ آئی موت بھی جاتی ہے ٹل
میں نے چاہا تھا کہ تاروں کی بجھا دوں شمعیں (نظم)
میں نے چاہا تھا کہ تاروں کی بجھا دوں شمعیں
نکہت و نور کے سانچے میں جو دیکھا تھا اسے
کون کر سکتا ہے انکار وجود
میں نے دیکھی ہیں لچکتی ہوئی بانہیں اس کی
مرمریں شانوں پہ بکھری ہوئی مشکیں زلفیں
رس بھرے ہونٹ
رسیلی آنکھیں
تاب نظارہ نہ موسیٰ کو ہوئی کیوں ہوتی
اس کی آنکھوں میں تھے سہمے ہوئے جذبات نہاں
کاش اس نے مرے محبوب کو دیکھا ہوتا
کاش موسیٰ کا خدا میرا رقیب
میرے محبوب کے ہوتے بھی خدائی کرتا
ہائے یہ بے بسی اور مجبوری
بر سر طور میں روشن تارے