علی عباس امید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
روح کی بات سنے جسم کے تیور دیکھے (غزل)
روح کی بات سنے جسم کے تیور دیکھے
التجا ہے کہ وہ اس آگ میں جل کر دیکھے
تم وہ دریا کہ چڑھے بھی تو گھڑی بھر کے لیے
میں وہ قطرہ ہوں جو گر کے بھی سمندر دیکھے
چبھتا ماحول گھٹی روح گریزاں لمحے
دل کی حسرت ہے کبھی ان سے نکل کر دیکھے
ایک نقشے پہ زمانہ رہا ہنگام وصال
شیشۂ جسم میں سو طرح کے منظر دیکھے
کیسے کر لے وہ یقیں تجھ پہ فریب غم ذات
تیری راہوں میں جو تشکیک کے پتھر دیکھے
بات ہو صرف حقیقت کی تو سہہ لے لیکن
اپنے خوابوں کو بکھرتے کوئی کیوں کر دیکھے
ہم سے مت پوچھئے کیا نفس پہ گزری امیدؔ
ایک اک سانس سے لڑتے ہوئے لشکر دیکھے
تعلقات کی گرمی نہ اعتبار کی دھوپ (غزل)
تعلقات کی گرمی نہ اعتبار کی دھوپ
جھلس رہی ہے زمانے کو انتشار کی دھوپ
غم حیات کے سائے مہیب ہیں ورنہ
کسے پسند نہیں ہے خیال یار کی دھوپ
ابھی سے امن کی ٹھنڈک تلاش کرتے ہو
ابھی تو چمکی ہے یارو صلیب و دار کی دھوپ
الم کی راہ گزر پر بہت ہی کام آئیں
تمہاری یاد کی شمعیں ہمارے پیار کی دھوپ
کمند ڈال دیں سورج پہ آؤ مل جل کر
اب اور تیز نہ ہونے دیں روزگار کی دھوپ
لبوں پہ مہر جگر خوں چکاں نظر حیراں
اب اور کیسے جلائے گی یہ بہار کی دھوپ
تمہارے شہر کی شیدا بدست یادوں کو
تلاش کرتی رہی دل کے کوہسار کی دھوپ
بہت قریب ہیں سائے حیات نو کے امیدؔ
بہت ہی جلد ڈھلے گی اب انتظار کی دھوپ
سعئ لا حاصل سہی (نظم)
سعئ لا حاصل سہی
کھلنے دے خوابوں کے کنول
دائروں میں گھومنے والوں نے دیکھے ہیں
سرابوں کے کنول
اونگھتے سورج کے
پیلے عکس نے
آنکھوں میں بھر دیں کرچیاں
سوز محرومی ہے شہہ رگ میں نہاں
دن کے چہرے سے عیاں
پیلے پیلے دائروں کی موج میں
تشنہ سرابوں کے کنول
اک سعئ لا حاصل سہی