پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علیم مسرور کی غزلیں — Aleem Masroor Ghazals

علیم مسرور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گھبرائیں حوادث سے کیا ہم جینے کے سہارے نکلیں گے (غزل)

گھبرائیں حوادث سے کیا ہم جینے کے سہارے نکلیں گے

ڈوبے گا اگر یہ سورج بھی تو چاند ستارے نکلیں گے

انداز زمانہ کہتا ہے پھر موج ہوا رخ بدلے گی

انگاروں سے گلشن پھوٹے گا شبنم سے شرارے نکلیں گے

فردوس نظر کے دیوانے تاریک فضا سے کیا ڈرنا

تو شمع نظر کو تیز تو کر ظلمت سے نظارے نکلیں گے

انجام کشاکش ہوگا کچھ دیکھیں تو تماشا دیوانے

یا خاک اڑے گی گردوں پر یا فرش پہ تارے نکلیں گے

مسرورؔ کریں اہل ساحل کچھ فکر نہ ہمت والوں کی

ڈوبیں گے سفینے جتنے بھی اک دن وہ کنارے نکلیں گے

اک جنوں کہیے اسے جو مرے سر سے نکلا (غزل)

اک جنوں کہیے اسے جو مرے سر سے نکلا

ورنہ مطلب نہ کوئی عرض ہنر سے نکلا

کوئی منزل نہ ملی پانو جو گھر سے نکلا

پھر سفر پیش تھا جب گرد سفر سے نکلا

بچ کے ہر چند زمانے کی نظر سے نکلا

سامنے کوئے ملامت تھا جدھر سے نکلا

میں بہت دور کہیں چھوڑ چکا تھا اس کو

قافلہ پھر مری حسرت کا کدھر سے نکلا

اٹھ کے اس بزم سے آ جانا کچھ آسان نہ تھا

ایک دیوار سے نکلا ہوں جو در سے نکلا

مے کدہ دیکھا تو یاد غم یاراں آئی

جام چھلکا تو لہو زخم جگر سے نکلا

بھیڑ کے خوف سے پھر گھر کی طرف لوٹ آیا

گھر سے جب شہر میں تنہائی کے ڈر سے نکلا

پڑ گیا وقت تو صدیوں کے بھرم ٹوٹ گئے

کام کچھ شام سے نکلا نہ سحر سے نکلا

مزید غزلیں از علیم مسرور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں