پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علیم جہانگیر کی غزلیں — Aleem Jahangir Ghazals

علیم جہانگیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی خواہش کوئی ارماں کوئی حسرت نہ رہے (غزل)

کوئی خواہش کوئی ارماں کوئی حسرت نہ رہے

اتنا روئیں کہ ہمیں کوئی شکایت نہ رہے

غیر ممکن ہے مگر سعی تو کر کے دیکھیں

شعلۂ ضبط کی پھر دل میں حرارت نہ رہے

دور اتنے نہ رہو تم کہ بہت ممکن ہے

مجھ کو اک روز تمہاری بھی ضرورت نہ رہے

ہم سے ہے دوزخ و جنت کا تماشا یا رب

ہم نہ ہوں گر تو کوئی ان کی حقیقت نہ رہے

ان کو انسان جہانگیرؔ کہوں میں کیسے

چاہتے ہیں جو زمانے میں محبت نہ رہے

دل میں کوئی بھنور کوئی طوفان بھی نہیں (غزل)

دل میں کوئی بھنور کوئی طوفان بھی نہیں

تجھ سے بچھڑ کے اب کوئی ارمان بھی نہیں

دروازہ گھر کا بند کرو اور سو رہو

آنے کا اس کے اب کوئی امکان بھی نہیں

سچ بولنے کے جرم کی تنہائی ہے سزا

ہر شخص ورنہ شہر میں انجان بھی نہیں

ملتے ہیں ہم سے نت نئے چہرے بدل کے لوگ

ہم یہ تماشا دیکھ کے حیران بھی نہیں

کل رات محو فکر و سخن تھا کچھ اس طرح

کب آنکھ لگ گئی یہ مجھے دھیان بھی نہیں

حالات نے کیے ہیں جہانگیرؔ وہ ستم

اپنے لبوں پہ اب کوئی مسکان بھی نہیں

پچھلے سال کے کلینڈر کے پہلو میں (نظم)

پچھلے سال کے کلینڈر کے پہلو میں

سال نو کا کلینڈر یوں لگتا ہے

جیسے نو مولود کوئی

ماں کی بغل میں لیٹا ہو

مزید غزلیں از علیم جہانگیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں