پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علیم اختر مظفر نگری کی غزلیں — Aleem Akhtar Muzaffarnagri Ghazals

علیم اختر مظفر نگری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

درد بڑھ کر دوا نہ ہو جائے (غزل)

درد بڑھ کر دوا نہ ہو جائے

زندگی بے مزا نہ ہو جائے

ان تلون مزاجیوں کا شکار

کوئی میرے سوا نہ ہو جائے

لذت انتظار ہی نہ رہے

کہیں وعدہ وفا نہ ہو جائے

تیری رفتار اے معاذ اللہ

حشر کوئی بپا نہ ہو جائے

کامیابی ہی کامیابی ہو

تو یہ بندہ خدا نہ ہو جائے

میری بیتابیوں سے گھبرا کر

کوئی مجھ سے خفا نہ ہو جائے

کچھ تو اندازۂ جفا کیجئے

دل ستم آشنا نہ ہو جائے

کہیں ناکامئ اثر آخر

مدعائے دعا نہ ہو جائے

وہ نگاہیں نہ پھیر لیں اخترؔ

عشق بے آسرا نہ ہو جائے

کسی کے وعدۂ فردا پر اعتبار تو ہے (غزل)

کسی کے وعدۂ فردا پر اعتبار تو ہے

طلوع صبح قیامت کا انتظار تو ہے

مری جگہ نہ رہی تیری بزم میں لیکن

تری زباں پہ مرا ذکر ناگوار تو ہے

متاع درد کو دل سے عزیز رکھتا ہوں

کہ یہ کسی کی محبت کی یادگار تو ہے

یہ اور بات کہ اقرار کر سکیں نہ کبھی

مری وفا کا مگر ان کو اعتبار تو ہے

مقام دل کوئی منزل نہ بن سکا نہ سہی

تری نگاہ محبت کی رہ گزار تو ہے

وہ ذوق دید نہ شوق نظارہ اب لیکن

مری نظر کو ابھی ان کا انتظار تو ہے

اگر نگاہ کرم شیوہ اب نہیں نہ سہی

مری طرف ابھی چشم ستم شعار تو ہے

یہ اور بات نصیب نظر نہیں لیکن

نفس نفس ترے جلووں سے ہمکنار تو ہے

زمانہ ساتھ نہیں دے رہا تو کیا اخترؔ

ابھی جلو میں مرے بخت سازگار تو ہے

اجل اجل کومل کومل چمکیلا چمکیلا چاند (نظم)

اجل اجل کومل کومل چمکیلا چمکیلا چاند

نئی نویلی دلہن جیسا شرمیلا شرمیلا چاند

وہ دیکھو وہ مسکاتا بل کھاتا لے کر انگڑائی

اک بادل کی اوٹ سے نکلا چنچل شوخ سجیلا چاند

اجلی رنگت گورا مکھڑا اس پہ روپہلی ہے پوشاک

تاروں کے جھرمٹ میں کیسا لگتا ہے بھڑکیلا چاند

روپ انوپ کی ناؤ پہ بیٹھا کرنوں کی پتوار لئے

نیل گگن میں تیر رہا ہے سندر چھیل چھبیلا چاند

ہم بھی چور سپاہی لک چھپ آنکھ مچولی کھلیں گے

تاروں کے سنگ کھیل رہا ہے اونچا نیچا ٹیلہ چاند

امی میرا چاند تو دیکھو بالو شاہی جیسا ہے

نکہت باجی کا ہے کیسا کڑوا اور کسیلا چاند

کرنوں کی سیڑھی کے سہارے چھت پر تو آ پہنچا ہے

آنگن میں پانی نہ گراؤ ہو جائے گا گیلا چاند

چندا ماموں چندا ماموں کہتے کہتے منہ سوکھے

پھر بھی اپنے پاس نہ آئے ضدی اور ہٹیلا چاند

منا آغوں آغوں کر کے جب بھی اپنے پاس بلائے

دھم سے آنگن میں آ کودے اخترؔ رنگ رنگیلا چاند

مزید غزلیں از علیم اختر مظفر نگری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں