عبدالعزیز فطرت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنی ناکام تمناؤں کا ماتم نہ کرو (غزل)
اپنی ناکام تمناؤں کا ماتم نہ کرو
تھم گیا دور مئے ناب تو کچھ غم نہ کرو
اور بھی کتنے طریقے ہیں بیان غم کے
مسکراتی ہوئی آنکھوں کو تو پر نم نہ کرو
ہاں یہ شمشیر حوادث ہو تو کچھ بات بھی ہے
گردنیں طوق غلامی کے لیے خم نہ کرو
تم تو ہو رند تمہیں محفل جم سے کیا کام
بزم جم ہو گئی برہم تو کوئی غم نہ کرو
بادۂ کہنہ ڈھلے ساغر نو میں فطرتؔ
ذوق فریاد کو آزردۂ ماتم نہ کرو
کیا کہیں ملتا ہے کیا خوابوں میں (غزل)
کیا کہیں ملتا ہے کیا خوابوں میں
دل گھرا رہتا ہے مہتابوں میں
ہر تمنائے سکون ساحل
الجھی الجھی رہی سیلابوں میں
دل انساں کی سیاہی توبہ
ظلمتیں بس گئیں مہتابوں میں
آپ کے فیض سے تنویریں ہیں
کعبۂ عشق کی محرابوں میں
اپنا ہر خواب تھا اک موج سرور
یوں ہوئی عمر بسر خوابوں میں
حسن قسمت سے ہمیشہ فطرتؔ
بخت بیدار رہا خوابوں میں
گھر اے دل بے قرار زنداں سے کم نہیں قید کون کاٹے (نظم)
گھر اے دل بے قرار زنداں سے کم نہیں قید کون کاٹے
حسین سرما کا چاند دیوانہ وار کو بلا رہا ہے
فسون مہتاب کی قسم ہے پھر آج شب کچھ نہ لکھ سکوں گا
پھر آج گھر میں نہ رہ سکوں گا
کہ اک جنوں سا ہے مجھ پہ طاری
مناظر کوہ و کنج جشن شب منور منا رہے ہیں
بلا رہے ہیں مجھے مرے واسطے قیامت اٹھا رہے ہیں
غضب کی اس برف بستہ ٹھنڈی ہوا میں سیلاب چاندنی کا
بدن تو ہے منجمد رگوں میں لہو مگر تمتما رہا ہے
بلا کی ہے سرد رات لیکن میں آج آوارگی کروں گا
کہ چاند وادی کے ذرے ذرے کو جلوہ خانہ بنا رہا ہے
نہ رک سکوں گا میں آج گھر میں
کہ چاندنی کی کشش غضب ہے
سفینۂ شوق و شعر دنیائے نور میں ڈگمگا رہا ہے
سکوت شب میں فضا بھی جز و سکوت شب ہو گئی ہے فطرتؔ
مہ درخشاں فقط غزل میری زیر لب گنگنا رہا ہے
میں آج گھر پر نہ رک سکوں گا
حسین سرما کا چاند اشاروں سے دیکھ مجھ کو بلا رہا ہے