اختر روڑکوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جتنا جہاں سے دل کو لگاتا ہے آدمی (غزل)
جتنا جہاں سے دل کو لگاتا ہے آدمی
اتنا خدا کو بھولتا جاتا ہے آدمی
قسمیں زباں سے جتنی بھی کھاتا ہے آدمی
سمجھو کہ اتنا جھوٹ چھپاتا ہے آدمی
اوقات اپنی جب بھی دکھاتا ہے آدمی
انسانیت کا خون بہاتا ہے آدمی
دولت کا ہو نشہ کہ جوانی کا ہو سرور
لٹنے کے بعد ہوش میں آتا ہے آدمی
تعویذ میں کہیں تو کہیں جھاڑ پھونک میں
قرآن بیچ بیچ کے کھاتا ہے آدمی
جس نے بھی کہہ دیا کہ تو دل کے قریب ہے
آنسو اسی کو خوں کے رلاتا ہے آدمی
اخترؔ کسی کا درد حقیقت میں بانٹ کر
خلد بریں کی راہ بناتا ہے آدمی
اہل خانہ کی بھی ناراضگی کی باتیں کر (غزل)
اہل خانہ کی بھی ناراضگی کی باتیں کر
خود سے خود کی کبھی آوارگی کی باتیں کر
بات خاروں کی ہو انداز میں تلخی واجب
پھول شاداب ہیں شائستگی کی باتیں کر
بے زباں آس لئے دیکھتے ہیں جو تجھ کو
ان کو دے کر زباں وابستگی کی باتیں کر
کوئی حالات سے مجبور بھی ہو سکتا ہے
آج حالات کی ناسازگی کی باتیں کر
ان کا غصے میں عمل ٹھیک نہیں تھا مانا
اب ذرا اپنی بھی دیوانگی کی باتیں کر
ہو نہ ممکن اگر امداد غریباں اخترؔ
دل خراشی نہیں دل بستگی کی باتیں کر