اعتبار ساجد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تمہیں جب کبھی ملیں فرصتیں مرے دل سے بوجھ اتار دو (غزل)
تمہیں جب کبھی ملیں فرصتیں مرے دل سے بوجھ اتار دو
میں بہت دنوں سے اداس ہوں مجھے کوئی شام ادھار دو
مجھے اپنے روپ کی دھوپ دو کہ چمک سکیں مرے خال و خد
مجھے اپنے رنگ میں رنگ دو مرے سارے رنگ اتار دو
کسی اور کو مرے حال سے نہ غرض ہے کوئی نہ واسطہ
میں بکھرگیا ہوں سمیٹ لو میں بگڑ گیا ہوں سنوار دو
جو خیال تھے نہ قیاس تھے وہی لوگ مجھ سے بچھڑ گئے (غزل)
جو خیال تھے نہ قیاس تھے وہی لوگ مجھ سے بچھڑ گئے
جو محبتوں کی اساس تھے وہی لوگ مجھ سے بچھڑ گئے
جنہیں مانتا ہی نہیں یہ دل وہی لوگ میرے ہیں ہم سفر
مجھے ہر طرح سے جو راس تھے وہی لوگ مجھ سے بچھڑ گئے
مجھے لمحہ بھر کی رفاقتوں کے سراب اور ستائیں گے
مری عمر بھر کی جو پیاس تھے وہی لوگ مجھ سے بچھڑ گئے
یہ خیال سارے ہیں عارضی یہ گلاب سارے ہیں کاغذی
گل آرزو کی جو باس تھے وہی لوگ مجھ سے بچھڑ گئے
جنہیں کر سکا نہ قبول میں وہ شریک راہ سفر ہوئے
جو مری طلب مری آس تھے وہی لوگ مجھ سے بچھڑ گئے
مری دھڑکنوں کے قریب تھے مری چاہ تھے مرا خواب تھے
وہ جو روز و شب مرے پاس تھے وہی لوگ مجھ سے بچھڑ گئے
کیسے چلتے سمے وہ روئی (نظم)
کیسے چلتے سمے وہ روئی
گلے سے لگ کر بلک بلک کر
پھر آنکھوں کو چومنا اس کا اچک اچک کر
دور ہٹنا اور دیکھنا مجھ کو ٹھٹک ٹھٹک کر
گر پڑنا پھر کھلی ہوئی بانہوں میں تھک کر
شام جدائی
ماں سے محبوبہ تک کتنے روپ تھے اس کے