پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ایمن جعفری کی غزلیں — Aiman Jafari Ghazals

ایمن جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے گھر ہوا ہے کس لئے تو گھر سے نکل کر (غزل)

بے گھر ہوا ہے کس لئے تو گھر سے نکل کر

یہ سوچ مگر سوچ کے اندر سے نکل کر

کس کس کو نوازے گی یہی دیکھنا ہے اب

اک روشنی پھیلی تو ہے پتھر سے نکل کر

اس پار بھی کیا کوئی اجالوں کا نگر ہے

وہ شخص ادھر جاتا ہے کیوں گھر سے نکل کر

حالات کی موجوں کا نہیں کوئی بھروسہ

ساحل پہ نہ یوں بیٹھ سمندر سے نکل کر

خدشات کی فوجیں تری راہوں میں کھڑی ہیں

جائے گا کہاں لمحوں کے لشکر سے نکل کر

آواز پہ مت زور دے یہ شہر ہے گونگا

احساس کا در کھول دے بستر سے نکل کر

کل رات مرے ساتھ بہت دیر تلک تھا

اک سایہ تری یاد کے پیکر سے نکل کر

چھوڑ کر نشاں اپنا بے نشان بھی ہوگا (غزل)

چھوڑ کر نشاں اپنا بے نشان بھی ہوگا

اپنی شہرتوں سے وہ بد گمان بھی ہوگا

عکس اس کے چہرے کا چہرہ چہرہ دیکھو گے

وہ زمین ہے تو کل آسمان بھی ہوگا

تذکروں کے دروازے بے سبب نہیں کھلتے

اس کے راز کا کوئی راز دان بھی ہوگا

تتلیاں خیالوں کی دھوپ میں نہیں اڑتیں

شہر میں امیدوں کا سائبان بھی ہوگا

تجربے کے شیشے بھی ساتھ لے چلو اپنے

جب شکستہ ہیں راہیں نیش جان بھی ہوگا

سوچ کے سمندر میں ڈوبنے سے کیا حاصل

جب یقین آئے گا تو گمان بھی ہوگا

پتھروں سے پھوٹے گی روشنی ضرور اک دن

وقت ٹوٹے لمحوں پر مہربان بھی ہوگا

مزید غزلیں از ایمن جعفری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں